اپوزیشن لیڈر کو حادثات پر سیاست اور شعبدہ بازی کے سوا کچھ نہیں آتا۔۔فواد چودھری

Jan 10, 2022 | 20:54:PM
حادثات۔سیاحت۔معیشت۔تحریک انصاف۔شہباز شریف
کیپشن: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری اسمبلی میں خطاب کر رہے ہیں (فائل فوٹو)
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ شہبازشریف عادی شعبدہ باز ہیں ،اپوزیشن لیڈر کو حادثات پر سیاست اور شعبدہ بازی کرنے کے سوا کچھ نہیں آتا،پاکستان کی سیاحت میں انقلاب برپا ہو چکا ہے، یہ ہمیں سبق دے رہے ہیں کیا کرنا چاہئے تھا ،معیشت، انتظامی، سیاحت سمیت ہر شعبے میں ان لوگوں کے بوئے ہوئے کانٹے ہم صاف کر رہے ہیں، یہ آئندہ سات سال بھی روتے رہیں گے۔ 
یہ بھی پڑھیں۔ احتیا ط۔۔ ورنہ۔ ۔۔۔۔حکومت نے لاک ڈاﺅن کا اشارہ دیدیا
پیر کو قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے خطاب کے بعد جوابی تقریر کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہاکہ توقع تھی کہ شہباز شریف ایک لیڈر کی طرح بات کریں گے، انہوں نے 30، 30 سال حکومت کی لیکن یہ لیڈر نہیں بن سکے۔ انہوں نے کہاکہ انہوں نے تیس سال بونے پالے ہیں، یہ بڑے نہیں ہو سکے، آج کا پیبلو ایسکو بار بتا رہا ہے کہ نیرو سو رہا تھا۔ ۔ وفاقی زیر نے کہاکہ انہوں نے مری اور پنجاب میں وسائل لگائے ہوتے تو آج یہ دن نہ دیکھنا پڑتا۔ انہوںنے کہاکہ تحریک انصاف کے سوا مری میں کوئی دوسرا ریسکیو آپریشن میں موجود نہیں تھا، ہم نے تین سالوں میں 13 نئے ریزارٹس بنائے، پہلی مرتبہ ماحول پر توجہ دی گئی۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان نے بلین ٹری سونامی کا آغاز کیا، ملک میں سیاحت کو فروغ دیا،۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ مری واقعہ پر ہر آنکھ اشک بار ہے، مری میں 64 ہزار گاڑیاں پانچ دن میں داخل ہوئیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے ایم این ایز، ایم پی ایز اور ورکرز مری میں عوام کے ساتھ کھڑے تھے۔
 وفاقی وزیر نے کہاکہ شاہد خاقان عباسی اور ن لیگ کے لوگوں میں سے وہاں کسی نے جانے کی زحمت نہیں کی۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ سول انتظامیہ، پاک فوج اور سول اداروں نے ریسکیو کوششیں کر کے لاکھوں لوگوں کو مدد فراہم کی۔ انہوں نے کہاکہ چوبیس گھنٹوں میں سڑکیں کلیئر کر دی گئیں، وفاقی حکومت کے ارکان، وزرا، وزیراعلیٰ پنجاب اور تحریک انصاف کے کارکن مشکل وقت میں مری میں خود موجود تھے۔ انہوںنے کہاکہ شہباز شریف جب وزیراعلیٰ تھے تو ہر روز نیا واقعہ رونما ہوتا تھا، ان کے دور میں ہسپتال میں آکسیجن نہ ہونے کی وجہ سے 100 بچے ہلاک ہو گئے تھے اور یہ منہ دیکھ رہے تھے۔ انہوںنے کہاکہ ماڈل ٹاﺅن کا واقعہ رونما ہوا، معصوم لوگوں پر پولیس گولیاں برسا رہی تھیں اور شہباز شریف کا کہنا تھا کہ میرا کام نہیں۔ انہوںنے کہاکہ ان کے دور میں ہونے والی ترقی ان کے گھروں تک محدود تھی، ملک میں اندرونی سیاحت کی ایک نئی حقیقت نے جنم لیا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ الحمد اللہ آج لاکھوں لوگ اندرون ملک سیاحت سے مستفید ہو رہے ہیں، آج سیاحت کے شعبہ میں انقلاب آ چکا ہے۔ انہوںنے کہا کہ ہمیں ایسے انتظامی اسٹرکچر کی ضرورت ہے جو بڑی آبادی کی ضروریات کو پورا کر سکے، ہم نے نیا پاکستان کا وعدہ کیا ہے، نیا پاکستان ہم بنا کر رہیں گے، عمران خان کی قیادت میں نیا پاکستان بنے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ معیشت، انتظامی، سیاحت سمیت ہر شعبے میں ان لوگوں کے بوئے ہوئے کانٹے ہم صاف کر رہے ہیں، یہ آئندہ سات سال بھی روتے رہیں گے۔ انہوںنے کہاکہ انشاءاللہ عمران خان کی قیادت میں پاکستان ترقی کی منازل طے کرے گا۔ 
یہ بھی پڑھیں۔ترجمان فوج کے بیان کے بعدسول ملٹری تعلقات سے متعلق اپوزیشن کا بیانیہ دم توڑ گیا۔۔ وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس میں گفتگو