فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے چیئرمین معروف افضل کورونا کے باعث انتقال کرگئے

Dec 10, 2020 | 19:33:PM
فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے چیئرمین معروف افضل کورونا کے باعث انتقال کرگئے
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے چیئرمین معروف افضل انتقال کرگئے،معروف افضل کا انتقال کورونا کے باعث ہوا۔
تفصیلات کے مطابق معروف افضل ملٹری ہسپتال راولپنڈی میں زیر علاج تھے،معروف افضل کو حال ہی میں فیڈرل پبلک سروس کمیشن کاچیئرمین تعینات کیاگیا تھا،معروف افضل ایف پی ایس سی کے رکن تھے،وہ بیماری کے باعث تاحال عہدے کا حلف نہیں اٹھا سکے تھے،معروف افضل کی تقرری 13نو مبر سے کی گئی تھی۔خاندانی ذرائع کے مطابق معروف افضل کی نماز جنازہ کل ادا کی جائے گی،نماز جنازہ جمعہ کے بعد مرکزی جامع مسجد میرپور آزادکشمیر میں ادا کی جائے گی۔
واضح ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک بھر میں کورونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد بڑھ کر 46 ہزار سے زائد ہوگئی جبکہ ایک دن میں اس وائرس سے 56 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جس کے بعد اموات کی تعداد 8 ہزار 603 ہوگئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک بھر میں 40 ہزار 202 کورونا ٹیسٹ کئے گئے، جس کے بعد مجموعی کووڈ 19 ٹیسٹس کی تعداد 59 لاکھ 06 ہزار 146 ہوگئی ہے۔ ملک بھر میں مزید 3 ہزار 138 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے، اس طرح پاکستان میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 29 ہزار 280 ہوگئی ہے۔
 سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک سندھ میں ایک لاکھ 89 ہزار 687، پنجاب میں ایک لاکھ 25 ہزار 250، خیبر پختونخوا میں 50 ہزار 762، اسلام آباد میں 33 ہزار 695، بلوچستان میں 17 ہزار 604، آزاد کشمیر میں 7 ہزار 517 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 765 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔ ملک بھر میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 46 ہزار 376 ہوگئی ہے، جن میں سے 2 ہزار 575 کی حالت تشویشناک ہے۔جبکہ ملک بھرمیں کورونا سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 8 ہزار 603 ہوگئی ہے۔ این سی او سی کے مطابق 2 ہزار 30 افراد نے کورونا کو شکست دے دی ہے جس کے بعد اس وبا کے خلاف جاری جنگ جیتنے والے افراد کی تعداد 3 لاکھ 74 ہزار 301 ہوگئی ہے۔