ہنگامہ آرائی :اسلام آباد ہائیکورٹ اور دیگر عدالتیں تا حکم  ثانی بند

Feb 09, 2021 | 10:20:AM
ہنگامہ آرائی :اسلام آباد ہائیکورٹ اور دیگر عدالتیں تا حکم  ثانی بند
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (24نیوز)اسلام آباد ہائی کورٹ میں گزشتہ روز وکلاکی جانب سے کی گئی ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ کے باعث عدالتِ عالیہ اور ایف ایٹ ضلع کچہری کی تمام عدالتیں آج بند ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے اطراف آج پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات ہے، چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ کے حکم پر آج کے تمام کیسز کی کاز لسٹ منسوخ کر دی گئی ہے۔وکلا  کے احتجاج اور توڑ پھوڑ پر چیف جسٹس نے عدالتیں تا حکمِ ثانی بند کرنے کا حکم دیا تھا۔واضح رہے کہ ہنگامہ آرائی کا 30 سے زائد وکلاء کے خلاف ہائی کورٹ سیکیورٹی افسر کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

  اسلام آباد ہائی کورٹ نے حملے میں ملوث وکلا  کے خلاف توہینِ عدالت کی کارروائی کا فیصلہ بھی کیا ہے، جس کے تحت ملزم وکلا  کے لائسنس کی منسوخی کیلئے اسلام آباد بار کونسل کو ریفرنس بھی بھیجا جائے گا۔اسلام آباد کچہری میں چیمبرز گرانے کے خلاف گزشتہ روز وکلا  نے پرتشد احتجاج کیا، مشتعل افراد نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ اطہر من اللّٰہ کے بلاک میں کھڑکیوں کے شیشے توڑ دیئے اور چیمبر کے باہر نعرے بازی کی، جس کے باعث چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ اپنے چیمبر میں محصور ہو گئے تھے۔