لاہور ہائیکورٹ میں پنجاب اسمبلی کی بحالی کی درخواست مسترد، شہری پر جرمانہ عائد
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ملک اشرف) عدالت نے پنجاب اسمبلی کی بحالی کیلئے شہری کی جانب سے دائر درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے درخواست گزار پر ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا۔
لاہور ہائیکورٹ میں شہری شرافت علی نے پنجاب اسمبلی کی بحالی کیلئے درخواست دائر کی تھی جس کی سماعت آج جسٹس شاہد کریم نے کی۔ عدالت نے درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کردی جبکہ درخواست گزار پر ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا۔
درخواست کی سماعت کرتے ہوئے جسٹس شاہد کریم نے استفسار کیا کہ یہ کس طرح کی درخواست ہے۔ درخواست گزار شہری شرافت علی کے وکیل نے دلائل دیے۔
یہ بھی پڑھیے: لاہور ہائیکورٹ، پرویز الٰہی کی توہین عدالت کی درخواست نمٹادی گئی
درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے غیرقانونی طور پر پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری بھیجی تھی۔ اسمبلی کی تحلیل سے پنجاب کے عوام اپنے مینڈیٹ کی نمائندگی سے محروم ہیں۔ پرویز الہٰی کو عوامی نمائندگی کے خاتمے کا کوئی اختیار نہیں تھا۔
درخواست گزار کا کہنا تھا کہ پنجاب اسمبلی کو تحلیل کرنے کا اقدام غیرآئینی اور غیرقانونی ہے۔ درخوست میں عدالت عالیہ سے استدعا کی گئی تھی کہ وہ پنجاب اسمبلی کی فوری بحالی کے احکامات صادر کرے۔