کورونا کو قابو کرنےوالے ممالک کی درجہ بندی ۔پاکستان کا تیسرا نمبر

Jul 07, 2021 | 18:30:PM
کورونا کو قابو کرنےوالے ممالک کی درجہ بندی ۔پاکستان کا تیسرا نمبر
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (24نیوز)امریکی جریدے دی اکنامسٹ کی جانب سے عالمی وبا کورونا وائرس کو بہترین طریقے سے قابو کرنے والے ممالک کی درجہ بندی میں پاکستان کو شامل کرنے پر وزیراعظم عمران خان نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی)، احساس پروگرام اور اسٹیٹ بینک کو سراہا۔
دی اکنامسٹ کی بحالی کی فہرست میں 3 کیٹیگریز میں 8 اشاریوں کی بنیاد پر وبا سے پہلے کی زندگی کی جانب لوٹنے کےلئے 50 ممالک کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔فہرست میں ہر ملک کو 100 میں سے اسکور دیا گیا جو عالمی وبا سے قبل کی سرگرمیوں کی سطح کا بینچ مارک اسکور ہے، جس میں پاکستان کا موجودہ اسکور 84.4 ہے اور یہ ٹریکر ہر ہفتے اپڈیٹ کیا جاتا ہے۔اس وقت اس درجہ بندی میں ہانک کانگ 96.3 کے اسکور کے ساتھ سرِ فہرست اور اس کے بعد 87.8 کے اسکور کے ساتھ نیوزی لینڈ ہے جبکہ پاکستان تیسرے نمبر پر موجود ہے۔
وزیراعظم نے اس درجہ بندی کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ این سی او سی ارکان، احساس ٹیم اور اسٹیٹ بینک کو عالمی وبا کووِڈ 19 کے مو¿ثر ردِ عمل پر مبارکباداور سب سے زیادہ شکر اللہ تعالی کی مہربانی کا ہے۔دیگر ممالک میں چین کو 72.9 اسکور کے ساتھ 19واں درجہ ملا اور بھارت جو کہ کورونا وائرس کی ڈیلٹ قسم کے تباہ کن پھیلاو¿ سے نبرد آزما تھا وہ 46.5 کے اسکور کے ساتھ 48ویں نمبر پر موجود ہے۔
دوسری جانب جنوبی کوریا اور کولمبیا صفر اسکور کے ساتھ فہرست میں سب سے نیچے ہیں۔دی اکنامسٹ کے مطابق اس فہرست میں دنیا کی 50 بڑی معیشتیں شامل ہیں جو عالمی جی ڈی پی(مجموعی ملکی پیداوار) کا 90 فیصد اور دنیا کی آبادی کا 76 فیصد ہے۔ان ممالک نے 3 کیٹیگریز میں 8 اشاروں کی بنیاد پر 100 میں سے اسکور حاصل کیا، پہلی کیٹیگری میں ٹرانسپورٹ اور سفر بشمول بڑے شہروں میں پبلک ٹرانسپورٹ، ان شہروں میں ٹریفک کا رش اور ملکی اور غیر ملکی پروازوں کی تعداد شامل ہے۔اسی طرح مختلف اشاروں مثلاً جتنا وقت لوگ گھروں سے باہر گزارتے ہیں، سینما اور باکس آفس ریونیوز سمیت کھیلوں کے مقابلوں میں حاضرین کی موجودگی کو ریکری ایشن اینڈ انٹرٹینمنٹ کی کیٹیگری میں اکٹھا کردیا گیا جبکہ دکانوں میں لوگوں کی آمد اور دفاتر میں ملازمین کی تعداد کو ریٹیلنگ اور ورک کی کیٹیگری میں اکٹھا کیا گیا۔ہر اشارے کا علیحدہ ٹریکر ظاہر کرتا ہے کہ پاکستان نے پبلک ٹرانسپورٹ کے اشاریے میں نمایاں بہتری دکھائی ہے جس میں اس کا اسکور 100 سے زیادہ ہے البتہ ملکی اور غیر ملکی پرواز کے حوالے سے 50 سے کم ہے تاہم کہ گزشتہ برس زیادہ تر وقت سنیما کی آمدنی کو ظاہر کرنے والے اشارے پر اس کا اسکور صفر رہا ہے، جو وقت عوام باہر گزارتے ہیں اس کے حوالے سے پاکستان کا اسکور 100 کے قریب رہا۔
 اس وقت پاکستان کی درجہ بندی اس اشاریے میں 100 سے کچھ زیادہ ہے۔گزشتہ برس مارچ سے پاکستان نے دکانوں میں لوگوں کی آمد اور دفاتر میں موجودگی کے اشاریے میں بتدریج بہتری دکھائی ہے، گراف ظاہر کرتا ہے کہ جون میں کمی کے بعد دفاتر میں موجودگی کا اسکور اس وقت 100 سے زیادہ ہے اور ریٹیل اشاریے میں ملک کا اسکور 120 کے قریب ہے۔البتہ ملک نے سڑکوں کے ٹریفک اور کھیلوں کے مقابلوں میں شرکت کے حوالے سے کوئی اسکور نہیں کیا۔
 یہ بھی پڑھیں۔شہنشاہ جذبات اداکار دلیپ کمار انتقال کر گئے