پاکستان نے او آئی سی کے خلاف بھارتی بیان مسترد کر دیا

Aug 07, 2022 | 21:09:PM
ترجمان دفتر خارجہ ، او آئی سی
کیپشن: عاصم افتخار پریس بریفنگ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)پاکستان نے او آئی سی کے خلاف بھارتی بیان مسترد کر دیا ۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی کے مقبوضہ جموں کشمیر کے حوالے سے بیان پر بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان کے بیان کو مسترد کرتا ہے ، او آئی سی نے 5 اگست 2019 کو بھارت کے غیر قانونی اور یک طرفہ اقدامات کے بارے میں واضح موقف اختیار کیا، پاکستان او آئی سی کے بیان پر بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان کے مضحکہ خیز تبصروں اور جھوٹے دعووں کو واضح طور پر مسترد کرتا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ یہ واقعی حیران کن ہے کہ ہندوتوا کا ایک بے باک پریکٹیشنر دوسروں پرتعصب اور فرقہ وارانہ ایجنڈے کا الزام لگا رہا ہے،انسانی حقوق کی خلاف ورزی کرنے اور ریاستی دہشت گردی کوفروغ دینے والے کی طرف سے دوسروں پر انگلیاں اٹھانے کی بے باکی انتہائی خطرناک امر ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ او آئی سی اسلامی ممالک کا سب سے بڑا کثیرالجہتی فورم ہے جو 1.7 ارب سے زیادہ مسلمانوں کی نمائندگی کرتا ہے،او آئی سی ہمیشہ کشمیری عوام کے جائز حقوق کی حمایت میں آواز اٹھاتا رہا ہے جوسات دہائیوں سے بھارت کے بے دریغ جبر کا ناقابل بیان نقصان اٹھا چکے ہیں۔ ریاست جموں و کشمیر کبھی بھارت کا حصہ تھا اور نہ کبھی ہوگا،ریاست جموں کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ "متنازعہ" علاقہ ہے،ریاست جموں کشمیر 1947 سے زبردستی اور غیر قانونی طور پر ہندوستانی قبضے میں ہے۔ریاست جموں کشمیر کا تنازعہ تقریباً 75 سالوں سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر ہے۔
ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادیں کشمیریوں سے ان کے ناقابل تنسیخ
حق خودارادیت کا عہد کرتی ہیں۔سلامتی کونسل کی قرار دادوں کے تحت اقوام متحدہ کی سرپرستی میں آزادانہ اور غیر جانبدارانہ استصواب رائے ہونا ہے۔ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں سماجی و اقتصادی ترقی کا دعویٰ کرکے عالمی برادری کو گمراہ کرنے میں کامیاب نہیں ہوگا۔مقبوضہ جموں کشمیرمیں ظلم و جبر کو برقرار رکھتے ہوئے بھارت کی ایسی کوئی بھی تکرار جھوٹ کو سچ میں نہیں بدل سکتی ہے۔بھارت کو جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اور سلامتی کے مفاد میں کشمیرپر اقوام متحدہ کی قراردادوں پرعمل درآمد کرتے ہوئے کشمیریوں اور عالمی برادری کے ساتھ اپنے وعدے کا احترام کرنا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں:عثمان بزدار کا تحریک انصاف کے منحرف رکن کیخلاف بڑا ایکشن