عمران خان کی وجہ سے پاکستان تباہی کا شکار ہے،وزیراعظم

Jan 06, 2023 | 16:45:PM
فائل فوٹو
کیپشن: عمران خان کی وجہ سے پاکستان تباہی کا شکار ہے،وزیراعظم
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک )وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عمران خان نے پاکستان کی ترقی اور سماج کو تباہ کردیا، انہیں پاکستان سے کوئی لگاؤ نہیں تھا، اگر ہوتا تو وہ انتقامی سیاست چھوڑ کرعوام کی خدمت کے منصوبے لگاتا، عمران خان ایک ناکام ترین وزیراعظم ثابت ہوئے۔شہبازشریف کا کہنا تھا کہ جنرل(ر) قمرباجوہ نے عمران خان کو پوری قوت سے مسند پر بٹھایا، اور جس طرح مدد کی، وہ سب سامنے آرہا ہے، 4 سال تک فوج نے اس کو کامیاب بنانے کی کوشش کی، لیکن اب وہ اقتدار پر بٹھانے والوں پر الزام تراشی کر رہا ہے، اس جیسا منافق، ناشکر انسان نہیں دیکھا، اس سے بڑا محسن کش پاکستان میں پیدا نہیں ہوا۔

وزیراعظم نے کہا کہ سیلاب ہو یا زلزلہ، برادر ممالک نے ہمیشہ پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا اور پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا، سعودی عرب، یو اے ای، قطر اورچین ہماری مدد میں پیش پیش رہا، لیکن عمران خان نے برادر ممالک کو بری طرح ناراض کیا، اور دوست ممالک سے سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا۔

وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کی وجہ سے پاکستان تباہی کا شکار ہے، ہم نے جب حکومت سنبھالی تو بہت بڑی قیمت ادا کی، ہمیں اندازہ نہیں تھا کہ عمران خان نے اتنی تباہی کردی ہے، اس نے سی پیک کاجنازہ نکال دیا اور چینی کمپنیوں پر بے بنیاد کرپشن کے الزامات لگائے، آئی ایم ایف سےمعاہدہ پاش پاش کردیا۔

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ میرے حالیہ دورے پر چین نے گرم جوشی سے ہمارا استقبال کیا، اور چینی وزیراعظم نے یقین دلایا کہ پاک چین دوستی ہمالیہ سے بلند ہے، اور ہم آپ کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم آئی ایم ایف کے قرضوں میں جکڑے ہوئے ہیں، لیکن چینی وزیراعظم نے آئی ایم ایف سے کہا ہے کہ پاکستان ہمارا بھائی ہے اس کا ساتھ دیا جائے، اور کل رات آئی ایم ایف کی مینجنگ ڈائریکٹر کا فون آیا، جس میں ہم نے کہا کہ آئی ایم ایف کی شرائط پوری کرنے کی کوشش کریں گے لیکن غریب آدمی پرمزید بوجھ نہیں ڈال سکتا۔

شہبازشریف نے مزید کہا کہ گھروں میں چولہے جلانے کے لیے گیس نا پید ہو چکی ہے، پوری کوشش سے گھروں کے لیے گیس کا انتظام کیا، پاکستان کے ڈیفالٹ کرنے کی کوئی صورتحال نہیں ہے، اور نہ ہی دہشت گرد پاکستانی عوام کے حوصلے پست کر سکتے ہیں، وطنِ عزیزکی حفاظت کی خاطرکسی قربانی سےدریغ نہیں کریں گے۔