آج کیس ختم نہ ہونے پر معذرت خواہ ہوں: چیف جسٹس

Apr 06, 2022 | 14:06:PM
  یکطرفہ فیصلہ کیسے دے سکتے ہیں؟ہمیں نہ بتائیں ہم راستہ ڈھونڈ لیں گے: سپریم کورٹ
کیپشن: سپریم کورٹ(فائل فوٹو)
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)چیف جسٹس عمرعطابندیال نے ریمارکس دئیے ہیں کہ ہم اپنے ریگولر کیس متاثر نہیں کرنا چاہتے۔کل ہم کیس کو صبح جلدی سنیں گے۔آج کیس ختم نہ ہونے پر معذرت خواہ ہوں،مشترکہ اپوزیشن کی وزیرِ اعظم عمران خان کے خلاف جمع کروائی گئی تحریک عدم اعتماد کو ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کی جانب سے بغیر ووٹنگ کے ہی مسترد کر دینے کے حوالے سے سپریم کورٹ آف پاکستان میں از خود نوٹس کیس کی سماعت کل تک ملتوی کر دی گئی ۔

چیف جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں جسٹس اعجاز الاحسن، جسٹس مظہر عالم خان میاں خیل، جسٹس منیب اختر اور جسٹس جمال خان مندوخیل پر مشتمل 5 رکنی لارجر بینچ از خود نوٹس کیس کی سماعت کر رہا ہے۔گزشتہ سماعت میں اپوزیشن جماعتوں اور بار کونسلز کے دلائل مکمل ہو گئے تھے۔

 سماعت کے آغاز پر ن لیگ کے وکیل اعظم نذیر تارڑ نے عدالت سے استدعا کی کہ مجھے ایک منٹ کیلئے سنا جائے۔اجازت ملنے پر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے عدالت کو آج اجلاس ہونے کی یقین دہانی کرائی۔ پنجاب اسمبلی میں ڈپٹی اسپیکر کی ہدایات پر عملدرآمد نہیں ہو رہا۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ آج انتہائی اہم نوعیت کا کیس زیر سماعت ہے۔ 3 اپریل کو قومی اسمبلی میں جو ہوا اس پر سماعت پہلے ختم کرنا چاہتے ہیں۔ عدالت کے بارے میں منفی کمنٹس کئے جا رہے ہیں۔کہا جا رہا ہے کہ عدالت معاملے میں تاخیر کر رہی ہے۔ پنجاب اسمبلی کا معاملہ آخر میں دیکھ لیں گے۔آج کیس کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔کوشش ہے کہ مقدمہ کو نمٹایا جائے۔

 چیف جسٹس نے مزید ریمارکس دئیے کہ سیاسی طور پر مسئلے کو حل کرنے کی کوشش کریں۔یکطرفہ فیصلہ کیسے دے سکتے ہیں؟ عدالت پر الزام لگایا جا رہا ہے کہ فیصلہ نہیں کر رہی۔

 تحریک انصاف کے وکیل بابر اعوان نے دلائل دیتے ہوئے کہا تمام سیاسی جماعتیں عدالت کے سامنے فریق ہیں۔ ایم کیو ایم ، تحریک لبیک پاکستان، بلوچستان عوامی پارٹی، پی ٹی ایم اور جماعت اسلامی عدالت کے سامنے فریق نہیں۔راہ حق پارٹی کی بھی پارلیمنٹ میں نمائندگی ہے لیکن وہ عدالت کے سامنے فریق نہیں۔  ازخود نوٹس کی ہمیشہ حمایت کی ۔ شکریہ ادا کرتا ہوں کہ آپ نے ازخود نوٹس لیا۔

یہ بھی پڑھیں:اپوزیشن  کا نگران وزیرِاعظم کیلئے جسٹس ( ر) مقبول باقر کے نام پرغور

   وکیل بابر اعوان  نے مزید کہا کہ سیاسی جماعتوں کا موقف ہے کہ ان کو آرٹیکل 5 کے تحت غدار قرار دیا گیا ہے۔ جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ غدار ان کو نہیں،آرٹیکل 5 کے تحت کیے گئے ایکشن کو کہا گیا ہے۔آئین ایسی دستاویز ہے جس کی شقوں کو ملا کر پڑھا جاتا ہے۔

بابر اعوان نے کہا آرٹیکل 95 کی اپنی تشریح ہے، چیف جسٹس پاکستان ازخودنوٹس کی ہمیشہ عدالت کے اندر اور باہر حمایت کی ہے۔عدالت کا مشکور ہوں کہ قوم پر مہربانی کرتے ہوئے نوٹس لیا۔عدالت کو کہا گیا ڈپٹی سپیکر کی رولنگ بدنیتی پر مبنی اور غیرآئینی ہے۔ یہ بھی کہا گیا کہ آرٹیکل 5 کے ذریعے کسی کو غدار کہا گیا ہے۔ درخواست گزاروں نے عدالت سے آرٹیکل 95 اور 69 کی تشریح کی استدعا کی۔آرٹیکل 63 اے پر کسی نے لفظ بھی نہیں کہا۔

وکیل  بابر اعوان  نے مزید کہا کہ ان کا دعوی ہے کہ پارلیمانی جمہوریت کو بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ایک سیاسی جماعت جو مرکز، پنجاب، آزاد جموں کشمیر اور جی بی میں اکثریتی پارٹی ہے۔ن لیگ کے صدر نے ایک پریس کانفرنس کے ذریعے کمیشن کی تشکیل کا مطالبہ کیا۔ پٹیشنر کہتے ہیں کہ عدالت ان کے حق میں شارٹ آرڈر بھی جاری کر دے۔ شہباز شریف نے پریس کانفرنس میں کمیشن بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔

بابر اعوان نے دلائل جاری رکھتے ہوئے کہا درخواست گزار جماعتیں چاہتی ہیں نیشنل سکیورٹی کمیٹی کا رولنگ میں دیا گیا حوالہ نظرانداز کیا جائے۔ اپوزیشن چاہتی ہے عدالت انکے حق میں فوری مختصر حکمنامہ جاری کرے۔ آئین پاکستان اسلامی نظریے کی بنیاد پر بنا پاکستان دوسرے ملکوں سے مختلف ہےجس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ آئین ایک زندہ دستاویز ہے۔

وکیل بابر اعوان کا کہنا تھا کہ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر بیرونی سازش پر خاموش تماشائی بن کر نہیں رہ سکتے۔وہ  اپنی آئینی ذمہ داری پوری کرنے کے پابند ہیں۔ کیا آئین پاکستان کا موازنہ بھارت، آسٹریلیا اور انگلینڈ کے آئین سے کیا جا سکتا ہے؟ وہ ایک سجدہ جسے تو گراں سمجھتا ہے ہزار سجدوں سے دیتا ہے آدمی کو نجات۔ کیس میں جس برطانوی عدالت کے فیصلے کا حوالہ دیا گیا وہ کیس میں لاگو نہیں ہوتا۔ 

یہ بھی پڑھیں:بڑی خبر۔نئے عام انتخابات کا معاملہ لٹک گیا 

بابراعوان نے سوال اٹھایا کہ کیا سندھ ہاؤس اور آواری ہوٹل لاہور میں جو کچھ ہوا اسے نظرانداز کیا جا سکتا ہے؟ اراکین اسمبلی کے کردار پر قرآن و سنت اور مفتی تقی عثمانی کا نوٹ بھی دوں گا۔ ایک سیاسی جماعت جس کی مرکز،صوبے،کشمیر گلگت میں حکومت ہیں یہ کہتے ہیں اسکو نظر انداز کردیں۔درخواست گزاروں کا دعوی ہے وہ جمہوریت کو بچانے آئے ہیں ۔میرا یقین ہے اس مقدمہ میں کوئی نقطہ نظر انداز نہیں ہوگا۔

چیف جسٹس نے سوالات اٹھائے کہ کیا سپیکر کو اختیار ہے کہ ایجنڈے سے ہٹ کر ممبران سے مشاورت کے بغیر رولنگ دے ؟ کیا سپیکر آئینی طریقہ کار سے ہٹ کے فیصلہ دے سکتا ہے؟ کیا ڈپٹی سپیکر کے پاس ایسا میٹیریل تھا جو انھوں نے ایسی رولنگ دی؟ سپیکر کی رولنگ کا دفاع کریں مگر آئین کے مطابق،ہمیں راستے نہ بتائیں ہم راستے ڈھونڈ لیں گے۔

چیف جسٹس نے مزید ریمارکس دئیے کہ نیشنل سکیورٹی کونسل اجلاس کے منٹس کدھر ہیں؟ ڈپٹی اسپیکر کی  رولنگ نے نتیجہ اخذ کیا ہے۔  ڈپٹی اسپیکر نے کس مواد پر اختیار استعمال کیا؟ عدالت کے سامنے حقائق کی بات کریں۔

چیف جسٹس کا مزید کہنا تھا ک ہاب تک کے دلائل سے یہ لگ رہا ہے کہ سپیکر نے جو کیا اس کا ایک بیک گراؤنڈ ہے۔ آئینی شقیں تحریک عدم اعتماد پر بہت واضح ہے۔  پارلیمنٹ اجلاس کے منٹس کوئی دکھائے گا تو بات بنے گی۔  سیدھی بات یہ ہے کہ عدالت حقائق اور ثبوت پر چلتی ہے۔ موجودہ کیس میں الزامات لگائے گئے ہیں۔ آئینی بنیاد پر جانا چاہتے ہیں۔ سپیکر نے کس بنیاد پر ایکشن لیا ؟ کیا سپیکر یہ ایکشن لے سکتا تھا؟

چیف جسٹس نے بابر اعوان سے مکالمہ  کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اتنی کہانی بتانے کی ضرورت نہیں ہے۔ بابر اعوان نے کہا راستہ بتانا چاہتا ہوں کہ کیسے سب ہوا،جس پر چیف جسٹس نے کہا ہمیں کہانیاں نہ سنائیں۔

چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ڈپٹی سپیکر کی رولنگ میں بظاہر الزامات ہیں کوئی فائنڈنگ نہیں۔ کیا سپیکر حقائق سامنے لائے بغیر اس طرح کی رولنگ دے سکتا ہے؟ یہی آئینی نقطہ ہے جس پر عدالت نے فیصلہ دینا ہے۔ یہ بھی بتائیں کیا سپیکر آرٹیکل 95 سے باہر جا کر ایسی رولنگ سے سکتا ہے جو ایجنڈے پر نہیںْ۔ سپیکر کی رولنگ کا دفاع لازمی کریں لیکن ٹھوس مواد پر۔ 

وکیل بابر اعوان کا کہنا تھا کہ 7 مارچ کو خفیہ پیغام (سائفر) پاکستان آیا۔جسٹس اعجازالاحسن نے سوال پوچھا کہ سائفر کو ڈی سائفر کا مطلب ہے کہ ایک سربمہر چیز آئی اور اس کو ڈی کوڈ کیا گیا؟

بابر اعوان نے کہا کیا آپ ان کیمرا مجھے سن سکتے ہیں۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا  جب کابینہ کو بریفنگ دی گئی تو کابینہ نے کیا کہا ؟ جس پر اٹارنی جنرل نے کہا یہ فارن پالیسی کا معاملہ ہے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ ہم فارن پالیسی معاملات میں نہیں پڑنا چاہتے۔ فیصلہ کرنے سے پہلے جاننا چاہتے ہیں کہ سازش کیا ہے جس کی بنیاد پر رولنگ دی گئی۔

وکیل بابر اعوان نے کہا سیکریٹ ایکٹ کے تحت یہ باتیں کرنا نہیں چاہتا۔خفیہ پیغام پر بریفنگ دی گئی۔

چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا خفیہ پیغام پر کابینہ کو بریفننگ دی یا دفتر خارجہ میں اجلاس کو؟بابر اعوان نے جواب دیا کابینہ اجلاس میں خفیہ پیغام پر بریفننگ دی گئی۔

وکیل بابر اعوان نے لیٹر گیٹ پر ان کیمرہ سماعت کی استدعا بھی کر دی۔ بابر اعوان کا کہنا تھا کہ کیا یہ معاملہ ان کیمرہ ڈسکس ہو سکتا ہے؟ جس پر چیف جسٹس نے کہا آپ سے صرف واقعات کا تسلسل جاننا چاہ رہے ہیں۔ 

اٹارنی جنرل نے کہا مخل ہونے پر معذرت چاہتا ہوں۔ خارجہ پالیسی پر کسی سیاسی جماعت کے وکیل کو دلائل نہیں دینے چاہیے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ ہم نے یہ دیکھنا ہے کہ کیا اسپیکر کو اختیار ہے کہ وہ ہاؤس میں ایجنڈے سے ہٹ کر کسی فیکٹ پر جا سکے۔ اگر ایسا کوئی مٹیریل موجود ہے؟ نیشنل سیکورٹی کمیٹی کی میٹنگ کب ہوئی؟ایک آئینی طریقہ ہے جس کو بالکل سائیڈ لائن کر دیا جائے، کیا ایسا ہو سکتا ہے؟ آپ نے یہ بھی بتانا ہے۔عدالتیں قانون کے مطابق چلتی ہیں، اس کیس میں ایک الزام لگایا گیا ہے۔ہم متنازعہ مواد پر نہیں جانا چاہتے۔ ڈپٹی اسپیکر نے ایک اقدام کیا ہے، بنیادی چیز یعنی حقائق پر آئیں۔

بابر اعوان نے دلائل جاری رکھتے ہوئے کہا کہ میٹنگ ہوتی ہے اور اس کا سائفر سات مارچ کو پاکستان  میں آتا ہے ۔ میٹنگ میں ڈپٹی ہیڈ آف مشن، ڈیفنس اتاشی سمیت تین ڈپلومیٹس شامل تھے۔ڈی سائفر کرنے پر پتہ چلتا ہے کہ اس میں چار چیزیں ہیں۔ عدالت نے سوال اٹھایا کہ کیا وہ معلومات کوڈز میں آئی ہیں یا سربمہر لفافے میں؟ آپ نے ڈی سائفر کا لفظ استعمال کیا۔ جس پر بابر اعوان نے کہا میں اس کو یوں کر لیتا ہوں کہ ہمارا فارن آفس اس پر نظر ڈالتا ہے۔ ایک میٹنگ بلائی جاتی ہے جس میں فارن سیکرٹری دستیاب نہیں ہوتے۔ خط میں بس یہ کہا گیا ہے کہ اگر تحریک عدم اعتماد ناکام ہوئی تو ملک کے ساتھ یہ یہ یہ ہوگا۔

جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دئیے کہ آپ ایک سیاسی جماعت کے وکیل ہیں سپیکر کے وکیل کو رولنگ پر بات کرنی چاہیے۔ چیف جسٹس نے کہا قومی سلامتی اجلاس پر سیاسی جماعتوں کو نوٹس ہوا تھا؟ جس پر بابر اعوان نے کہا قومی سلامتی کمیٹی میں تمام سیاسی جماعتوں کو نوٹس کیا گیا۔ قومی سلامتی کمیٹی کے منٹس نعیم بخاری عدالت کے سامنے رکھیں گے۔

بابر اعوان نے مزید کہا کہ میں بات اشاروں میں بتا رہا ہوں۔ فلاں فلاں مسئلے پر وہ ملک اس ملک کے پرائم منسٹر سے ناراض ہے۔تحریک عدم اعتماد اگر کامیاب نہ ہوئی تو پھر ڈیش ڈیش ہے۔ اگر تحریک عدم اعتماد کامیاب ہو گئی تو پھر سب ٹھیک ہے۔ 

بابر اعوان  نے کہا کہ آٹھ مارچ کو تحریک عدم اعتماد آ جاتی ہے جس کا ذکر کہیں اور سے آیا۔ نیشنل سیکورٹی کمیٹی کی میٹنگ سے پہلے پی ڈی ایم نے مطالبہ کیا کہ اس کو پارلیمنٹ میں لایا جائے۔

بابر اعوان نے ترجمان پاک فوج کی نجی ٹی وی سے گفتگو بھی عدالت میں پیش کر دی۔ بابرا عوان کا کہنا تھا کہ ترجمان پاک فوج نے کہا قومی سلامتی کمیٹی میٹنگ کے اعلامیہ سے متفق ہیں۔

 جسٹس اعجاز الاحسن  نے استفسار کیا کہ کابینہ نے وزارت خارجہ کی بریفننگ پر کیا فیصلہ کیا؟ بابر اعوان نے کہا مراسلے میں کہا گیا تھا کہ دوسرا ملک ہمارے وزیراعظم سے خوش نہیں ہے۔

اٹارنی جنرل نے ایک بار پھر مداخلت کی اور کہا مناسب ہوگا کہ خارجہ پالیسی پر بات کسی سیاسی جماعت کا وکیل نہ کرے۔جتنا رولنگ میں لکھا ہوا ہے اتنا ہی پڑھا جائے تو مناسب ہوگا۔

بابر اعوان نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ مراسلے میں کہا گیا کہ تحریک عدم اعتماد ناکام ہوئی تو کیا نتائج ہوں گے۔ 

جسٹس جمال مندوخیل  نے ریمارکس دئیے کہ یہ باتیں سپیکر کے وکیل کو کرنے دیں۔ کابینہ نے کیا فیصلہ کیا یہ بتائیں۔کوئی شبہ نہیں ہر شہری کو ریاست کا وفادار ہونا چاہیے۔جن پر الزام لگایا گیا ان کیخلاف کیا ایکشن لیا گیا۔

بابر اعوان نے کہا حکومت نے ان کیخلاف کوئی ایکشن نہیں لیا۔تحریک انصاف نے اپنے ارکان کیخلاف کارروائی کا فیصلہ کیا۔ پاکستان سب سے پہلے ہے۔وزیر اعظم اور کابینہ نے احتیاط سے کام لیا۔ میں بھی احتیاط برت رہا ہو۔

جسٹس جمال خان  نے ریمارکس دئیے کہ جنھوں نے عدم اعتماد تحریک پیش کی قومی سلامتی کمیٹی میں ان کے خلاف کارروائی کا کیا کہا گیا ؟۔ جس پر بابر اعوان نے کہا پاکستان کی بقا اور وفاداری کے تحت کوئی ایسی ویسی بات نہیں کروں گا۔

جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دئیے کہ اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ آئین پاکستان کے تحت پر شہری کی وطن سے وفاداری لازم ہے۔ اگر کوئی بیرونی طاقتوں سے ملا ہوا ہے تو اس کے خلاف کیا ایکشن ہوا؟ تحریکِ عدم اعتماد پیش کرنے والوں پر الزام ہے وہ بیرونی سازش کرنے والوں سے ملے ہوئے ہیں تو ان کے خلاف کیا کیا؟ 

بابر اعوان نے جواب دیا کہ حکومت نے کسی کو غدار نہیں کہا نہ ایکشن لیا۔ محتاط ہو کر اس معاملے پر دلائل دے رہا ہوں۔تحریک انصاف کے منحرف اراکین کے خلاف آرٹیکل 63 اے کے تحت الیکشن کمیشن کو معاملہ بھجوایا ہے۔

چیف جسٹس  نے کہا آپ ہمیں دوسری طرف لیکر جارہے ہیں۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دئیے کہ آپ مفروضوں پر بات کر رہے ہیں۔،چیف جسٹس  نے کہا آپ نے کوئی اور باتیں کرنی ہیں تو دوسرے وکیل کو موقع دیں۔ہمارے لیے مسئلہ بن رہا ہے ہم نے سماعت مکمل کرنی ہے۔ آپ ہمیں بتائیں کہ سپیکر نے کوئی میٹنگ کی تھی اس میٹنگ کے منٹس پیش کریں۔بظاہر ہمارے سامنے یہ کیس  الزمات اور مفروضوں پر مبنی ہے۔ آیا وہ الزمات اور مفروضے قابل دفاع ہیں یا نہیں۔ ہم متضاد الزمات پر نہیں جاتے۔

چیف جسٹس نے بابر اعوان سے مکالمہ کیا کہ آپ نے ہمیں پارلیمانی جمہوریت کا بتانا تھا۔ ہم نے اس معاملے کو ختم کرنا ہے۔ہم جلد سماعت مکمل کرنا چاہتے ہیں۔ ادھر ادھر کی باتیں نا کریں۔

جسٹس اعجاز الاحسن  نے ریمارکس دئیے کہ ہمیں یہ بتا دیں کہ آرٹیکل 69 اور 95  پر آپ کا کیا موقف ہے۔ آپ یہ بتا دیں کہ ڈپٹی سپیکر کے کیا اختیارات ہیں۔ آپ غیر ضروری باتیں کر رہے ہیں۔

بابر اعوان نے کہا میمو گیٹ آج تک زیر التوا ہے۔ ایک شخص ملک سے بھاگا ہوا ہے۔چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ ہمیں سب معلوم ہے آپ اپنے کیس پر دلائل دیں۔

 بابر اعوان  نے کہا عدالت نے تین اپریل کے حکمنامہ میں امن و امان کے خدشے کا اظہار کیا تھا۔ دوسری اہم چیز عدالتی حکم میں غیرآئینی اقدامات سے روکنا تھی۔

 چیف جسٹس  نے کہا عدالتی حکم میں زیادہ اہم چیز ڈپٹی سپیکر کی رولنگ کی آئینی حیثیت تھی۔ ہم سپیکر کی رولنگ اور آرٹیکل 69 پر بات کرنا چاہتے ہیں۔جسٹس اعجاز الاحسن  نے ریمارکس دئیے آپ واقعاتی شواہد دے رہے ہیں کہ یہ ہوا تو یہ ہوگا۔ ان تمام واقعات کو انفرادی شخصیات سے کیسے لنک کرینگے۔

 چیف جسٹس  نے مزید کہا کہ ایک بج گیا ہے کیس ختم کرنا چاہتے ہیں۔ دو دن ایک سائڈ کے وکلاء نے لے لئے ہیں۔جسٹس جمال مندوخیل نے کہا آآپ کے کلائنٹ وزیراعظم کمیشن بنانا چاہتے ہیں تو مطلب ہوا کہ انہیں معلوم نہیں کون ملوث ہے۔

بابر اعوان نے کہا  وزیراعظم کو جو کچھ معلوم ہے وہ ملکی مفاد میں بولنا نہیں چاہتے۔ چیف جسٹس نے کہا انگلینڈ،آسٹریلیا اور بھارت وغیرہ کی بات نہ کریں ہم نے اپنے ملک کا آئین دیکھنا ہے۔ آپ ہمیں متعلقہ حقائق بتائیں باقی آپ کے تحریری دلائل پڑھ لیں گے۔

بابر اعوان  نے کہا قومی مفاد سب سے بے چارہ لفظ ہے جو پاکستان میں بہت استعمال ہوتا ہے۔ چیف جسٹس نے سوال اٹھایا کہ قومی مفاد کا لفظ سپیکر کے حلف میں کہاں استعمال ہوا ہے؟ بابر اعوان صاحب آگے چلیں نا ، یہ چیزیں ایک لائن میں بتا دیں۔ آپ اپنا پوائنٹ پڑھ لیں پھر ہم اوکے کہہ دینگے۔

 بابر اعوان  نے مزید کہا کہ برطانوی سپریم کورٹ نے کہا کوئی باہر سے آ کر پارلیمان اجلاس ملتوی نہیں کر سکتا۔ برطانوی عدالت نے کہا پارلیمان اپنے ہاؤس کی خود ماسٹر ہوتی ہے۔ کوئی بھی قانون شریعت کیخلاف نہیں بنایا جا سکتا۔ رولز کے مطابق سپیکر ووٹنگ کے علاوہ بھی تحریک مسترد کر سکتا ہے۔ جسٹس اعجاز الاحسن  نے کہا جب تحریک ایوان میں پیش کر دی جائے تو پھر فیصلہ کئے بغیر خارج نہیں کی جاسکتی۔

چیف جسٹس  نے ریمارکس دئیے کہ  آپ کے مطابق رولز بذات خود کہتے ہیں کہ تحریک کو ووٹنگ کے بغیر مسترد کیا جاسکتا ہے۔ اب آپ نے کام کی اور بہترین بات کی ہے۔بابر اعوان  نے کہا میں دو باتیں کرنا چاہتا ہوں۔ جس پر چیف جسٹس نے کہا رکیں مجھے یہ پوائنٹ لکھنے دیں۔