لاہور سمیت ملک کے مختلف حصوں میں بارش ، محکمہ موسمیات نے اہم پیشگوئی کر دی

Apr 05, 2023 | 20:05:PM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز ) صوبائی دارالحکومت لاہور میں آندھی اور بادلوں کی گھن گرج کے بعد موسلا دھار بارش نے موسم خوشگوار بنا دیا ہےجبکہ کوئٹہ بارش کیساتھ شدید ژالہ باری نے کھڑی فصلیں تباہ کر دی ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب کے مختلف علاقوں میں آج صبح سے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا، شام کے اوقات میں صوبائی دارالحکومت لاہور میں بادلوں کی گھن گرج کے بعد شدید بارش ہوئی، وحدت روڈ، علامہ اقبال ٹاؤن اور ایبٹ روڈ سمیت غالب کالونی ،گلشن راوی ، فردوس کالونی اور نیوشالیمار ٹاؤن میں بھی بارش ہوئی، ڈیوس روڈ اورعلامہ اقبال روڈ پر تیز بارش کے باعث پانی کھڑا ہو گیا جبکہ بجلی کا ترسیلی نظام بھی متاثر ہوا۔

تیز بارش اور آندھی کے باعث لیسکو کے 340 سے زائد فیڈرز ٹرپ ہوئے،فیڈرز ٹرپ ہونے اور دیگر تکنیکی خرابیوں کے باعث متعدد علاقے بجلی سے محروم ہو گئے،  بجلی کی بندش سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

کوئٹہ ،ہرنائی وگردنواح میں بارش و ژالہ باری سے کھڑی فصلیں تباہ

دوسری جانب صوبہ بلوچستان کی بات کی جائے تو بارش اور شدید ژالہ باری کے  باعث  فصلوں کو کافی نقصان پہنچا، جبکہ گزشتہ کئی روز سے جاری بارش کے باعث سیلابی کیفیت بن چکی ہے، کوئٹہ ہرنائی پنجاب قومی شاہراہ دوسرے روز بھی ٹریفک کیلئے بحال نہ ہوسکی ، شاہراہ کی بندش کے باعث مسافروں ٹرانسپورٹروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ ا،سبی اور گردونواح کے علاقوں میں بھی آج گھن گرج کے ساتھ بارش ہوئی جس کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا۔

خیبر پختونخوا کی لواری ٹنل اور مضافات میں شدید برفباری رابطہ سڑکیں بند 
 

دیر اور چترال کے درمیان واقع کوہ ہندوکش سلسلے میں بنائی گئی لواری ٹنل اور مضافات میں  برفباری کا سلسلہ جاری ہے ، جس سے سڑک پر 3/4 انچ تک برف پڑچکی ہے، تاہم ٹریفک ٹنل رسائی سڑک کے مجوزہ قوائد و ضوابط پر عمل کرتے ہوئے رواں دواں ہے۔ 

 ٹورزم پولیس  نے لواری ٹنل اپروچ روڈ پر خطرناک موڑ اور زیادہ اترائی،چڑھائی کی وجہ سے پھسلن اور ممکنہ حادثات سے بچنے کیلئے ڈرائیورز اور عوام الناس کو ہدایات جاری کی ہیں، جس میں کہا گیا ہے کہ غیرضروری سفر خصوصاً علی الصبح اور رات کے وقت سفرسےگریزکریں، ڈرائیور حضرات اپنے ساتھ سنو چین ضرور رکھ لیں تاکہ ٹنل روڈ پرغیر ضروری پریشانی اور تاخیر سے بچ سکیں، برفباری یا دھند کے دوران ہیڈلائٹ لوبیم، مخصوص فوگ لائٹس اور ڈبل اشارے آن رکھ کر گاڑی چلائیں، گاڑی کی رفتار مخصوص حد کے اندر رکھیں اور گاڑیوں کے درمیان ذیادہ فاصلہ رکھیں.

تورزم پولیس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سفر سے پہلے گاڑی کےلائٹس اور وائیپر وغیرہ چیک کر لیں، موجودہ روڈ اور موسم کی صورتحال سے باخبر رہنے کیلئے ٹورزم پولیس ایمرجنسی نمبر 1422 یا پولیس کنٹرول روم نمبر 0943412959 پر کال کرکے معلومات حاصل کریں۔

محکمہ موسمیات کی پیشگوئی  

محکمہ موسمیات  نے کل پورے ملک میں بارش کی پیشگوئی کر دی ہے، موسم کے حوالے سے کہا گیا ہےکہ شمال مشرقی بلوچستان، پنجاب، خیبر پختونخوا میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش  کا امکان ہے، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش  کا امکان ہے۔ 

محکمہ موسمیات نے چند مقامات پر ژالہ باری  کا بھی امکان ظاہر کیا ہے ،  چترال، دیر، سوات ، مالاکنڈ، ایبٹ آباد،مانسہرہ اورگردونواح     میں   بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، کشمیر اور  گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ  بارش متوقع ہے ۔