یوکرین کی فوجی طاقت کو ہر حال میں تباہ کرینگے۔ روس۔۔ملک چھوڑ دیں، ہم آپ کی لاشیں دفنانا نہیں چاہتے۔یوکرینی صدر 

Mar 04, 2022 | 00:54:AM
یوکرین۔روس۔لاشیں۔فوجی طاقت۔جنگ۔پیغام
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (ویب ڈیسک)روس نے کہا ہے کہ ماسکو یوکرین میں لڑائی کے خاتمے کے لئے بات چیت کررہا ہے تاہم یوکرین کے فوجی ڈھانچے کو مکمل تباہ کرنے کی کوشش جاری رہے گی۔
عالمی میڈیا کے مطابق روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا کہ روسی وفد نے اس ہفتے کے شروع میں یوکرینی مذاکرات کاروں کو اپنے مطالبات پیش کئے ہیں اور اب وہ مذاکرات کے اگلے مرحلے میں کیف کے جواب کا انتظار کر رہے ہیں۔لاوروف نے کہا کہ مغرب یوکرین کو مسلسل مسلح کرتا آیا ہے، فوجیوں کو تربیت دی اور وہاں اڈے بنائے تاکہ یوکرین کو روس کے خلاف جنگی دستے میں تبدیل کیا جا سکے۔وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ یوکرین روس کی سلامتی کے لئے خطرہ بن کے ابھرا جس پر روس کو مجبوراً یہ فوجی کارروائی کرنا پڑی۔
 ادھریوکرین کے صدر ولودومیر زیلنسکی نے روسی فوجیوں کو ملک سے نکلنے کا پیغام دیتے ہوئے کہاہے کہ روسیوں کو خود بھی نہیں پتا وہ یوکرین میں کیوں موجود ہیں۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق اپنے بیان میں یوکرین کے صدر نے کہا کہ روسیوں کو خود بھی نہیں پتا کہ وہ یوکرین میں کیوں موجود ہیں۔ایک بیان میں زیلنسکی نے کہاکہ ہمارے فوجی اور بارڈر گارڈزز ہمارے محافظ ہیں حتیٰ کہ ایک معمولی کسان بھی روزانہ روسی فوجیوں کو پکڑرہا ہے ۔زیلنسکی نے روسی فوجیوں کو خبردار کیا وہ ان کے ملک سے نکل جائیں کیونکہ یوکرین آپ کی لاشوں کو دفنانا نہیں چاہتا۔انہوں نے کہا کہ ہر حملہ آور کو پتا ہونا چاہئے کہ وہ یوکرین سے کچھ حاصل نہیں کرسکے گا حتیٰ کہ ایک کنکر بھی نہیں، اگر وہ مزید ہتھیاروں اور مزید فوجیوں کو بھی لاتے ہیں تب بھی ان کےلئے کچھ تبدیل نہیں ہوسکتا، انہیں ہر جگہ تباہ و برباد کیا جائے گا۔
 ولادیمیر زیلنسکی نے روسی حملے کے بعد سے اب تک 9000روسی فوجیوں کے ہلاک ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔ صدرزیلنسکی کا کہنا تھا حملہ آورفوج کو پیغام دیتا ہوں کہ وہ واپس اپنے گھرجائیں۔ حملہ آورروسی فوج کویہاں نہ سکون ملے گا نہ کھانا‘ صرف یوکرینی عوام کی جانب سے مزاحمت ملے گی۔ایسی مزاحمت جو وہ ساری زندگی یاد رکھیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ یوکرین کے عوام حملہ آورروسی فوجیوں کوبتا دیں گے کہ حب الوطنی کے ساتھ لڑی جانے والی جنگ کیسی ہوتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں۔گانے کی ریلیز ملتوی ۔جنت مرزا نے افسوسناک وجہ بھی بتا دی