نواز شریف اشتہاری ۔ تحریری حکم نامہ جاری۔ضامنوں کو بھی نوٹس
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو اشتہاری قرار دینے کا 3 صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔نواز شریف کو العزیزیہ سٹیل ملز اور ایون فیلڈ ریفرنسز میں مفرور اور اشتہاری قرار دیا گیا ہے، دونوں ریفرنسز کے الگ الگ تحریری حکم نامے جاری کئے گئے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے جاری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ نوازشریف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے گئے، پھر اشتہار جاری کیا لیکن وہ عدالت میں پیش نہیں ہوئے، نواز شریف کیخلاف ضابطہ فوجداری کی دفعہ 87 کی کارروائی مکمل ہوگئی ہے اور انہیں مسلسل عدم حاضری پر اشتہاری مجرم قرار دیا گیا ہے۔
عدالتی حکم نامے میں کہا گیا کہ نوازشریف کے ضامنوں کو بھی شوکاز نوٹس جاری کر رہے ہیں کیوں نا ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔
عدالت نے کہا کہ ضامنوں راجہ ربنواز عباسی اور سخی محمد کی ضمانتی رقم ضبط کرنے کی کارروائی کا شوکاز نوٹس جاری کردیا گیا ہے، دونوں ضامن 9 دسمبر کو ہونے والی سماعت میں عدالت کے سامنے پیش ہوں۔
واضح رہے کہ 2 دسمبر کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنسز میں سابق وزیراعظم نواز شریف کو اشتہاری قرار دیا تھا اور مچلکے ضبط سمیت ضامنوں کو طلبی کے نوٹس جاری کئے تھے۔