غزہ پراسرائیلی بربریت برقرار، ہلاکتوں کی تعداد 9000 سے تجاوز

Nov 03, 2023 | 08:27:AM
اسرائیل کے جنگی جنون نے غزہ میں انسانیت کو شرما دیا ۔ ہسپتالوں،سکولوں، عبادت گاہوں اور رہائشی عمارتوں پر بے دریغ بمباری، فلسطینی شہدا کی مجموعی تعداد 9 ہزارسے تجاویز کرگئی۔    
کیپشن: فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) اسرائیل کے جنگی جنون نے غزہ میں انسانیت کو شرما دیا ۔ ہسپتالوں،سکولوں، عبادت گاہوں اور رہائشی عمارتوں پر بے دریغ بمباری، فلسطینی شہدا کی مجموعی تعداد 9 ہزارسے تجاویز کرگئی۔    

تفصیل کے مطابق غزہ میں ہلاکتوں کی تعداد 9000 سے تجاوز کر گئی۔ حماس کے زیر کنٹرول غزہ کے طبی حکام کا کہنا ہے کہ 7 اکتوبر کو جنگ کے آغاز سے اب تک غزہ کی پٹی میں 9,611 افراد شہید ہو چکے ہیں۔ اس تعداد میں 3,760 بچے شامل ہیں جبکہ 32 ہزار سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

گزشتہ روز کیے جانیوالے فضائی حملے اور توپ خانے سے شیلنگ کے بعد علاقے میں مواصلاتی نظام مکمل طورپر منجمد ہوگیا ، فلسطینی وزارت مواصلات نے غزہ کی پٹی کے ساتھ تمام مواصلاتی اور انٹرنیٹ سروسز کے مکمل طور پر بند ہونے کی تصدیق کی۔ عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل نے بحیرہ احمر کے اوپر سے یمن سے ایلات کی طرف داغے گئے 4 ڈرونز اور ایک میزائل کو مار گرایا۔

یونیسیف نے لگاتار دو دن تک اسرائیلی حملوں کی زد میں رہنے والے غزہ کے جبالیہ کیمپ سے سامنے آنے والے ”قتل عام“ کے مناظر کو خوفناک اور المناک قرار دیا ہے۔ یونیسیف نے اپنے ایک جاری بیان میں کہا ملک میں بے گھر ہونے والوں کی بستیاں یعنی پناہ گزین کیمپ اور ان میں رہنے والے شہریوں کو عالمی انسانی قانون کے تحت تحفظ حاصل ہے، تنازع کے فریقوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان کا احترام کریں اور انہیں حملے سے محفوظ رکھیں۔

یونیسیف نے کہا کہ بچے پہلے ہی بہت زیادہ تکالیف برداشت کرچکے، بچوں کا قتل، انہیں قید میں رکھنے کا سلسلہ بند ہونا چاہیے، بچے ہدف نہیں ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق ڈاکٹرز ود آؤٹ بارڈرز (ایم ایس ایف) نے کہا ہے کہ غزہ کی پٹی میں اب بھی 20 ہزار سے زائد زخمی پھنسے ہوئے ہیں جبکہ محاصرے کے سبب انہیں محدود طبی سہولیات تک رسائی ہے۔

دوسری جانب حماس کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے مختلف علاقوں سے غزہ پر زمینی حملے بھی شروع کردیے ہیں۔

اسرائیل کی اس اندھی بمباری سے غزہ کی تباہی اس حالت تک  پہنچ چکی ہے کہ غزہ کے واحد کینسر ہسپتال سمیت 35 تمام ہسپتالوں میں سے تقریباً نصف بند ہو چکے ہیں، ہسپتال بند ہونے سے 70 مریضوں کی موت واقع ہونے کا خدشہ ہے جبکہ ان ہسپتالوں کو پانی ، بجلی اور ایندھن کی فراہمی سے لے کر ادویات اور طبی آلات تک کی فراہم معطل ہوئے کئی ہفتے ہونے کو ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی وزیر دفاع یووا گیلنٹ نے انتہائی بے باکی سے کہا ہے کہ  حماس کو مرنا یا غیر مشروط طور پر اسرائیل کے سامنے سرنڈر کرنا ہوگا۔

گزشتہ روز وزیر دفاع نے یہ دھمکی اس وقت دی ہے جب ان کے ملک کی فضائیہ ، فوج اور بحریہ پوری طرح غزہ پر حملہ آور ہے اور ہزاروں فلسطینی شہری غزہ میں جام شہادت نوش کر چکے ہیں، ان میں صرف فلسطینی بچوں کے شہید ہونے کی تعداد چار ہزار کو چھو رہی ہے۔