رانجھا بھی ہیر کے پاس چلا گیا۔۔ اعجاز درانی 88 برس کی عمر میں چل بسے

Mar 01, 2021 | 12:03:PM
رانجھا بھی ہیر کے پاس چلا گیا۔۔ اعجاز درانی 88 برس کی عمر میں چل بسے
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (24نیوز)اداکارہ فردوس کے ساتھ پاکستان فلم انڈسٹری کی لازوال فلم”ہیر رانجھا “میں رانجھا کا کردار نبھانے والے اعجازدرانی طویل عرصے سے علیل تھے۔

تفصیلات کے مطابق اعجاز درانی طویل عرصے سے بیمار تھے، ان کا انتقال لاہور میں ہوا، ان کی عمر 88 برس تھی۔ان کی نماز جنازہ بعد نماز ظہر گارڈن ٹاؤن لاہور میں ادا کی جائے گی، اعجاز درانی ملکہ ترنم نور جہاں کے دوسرے شوہر تھے۔انہوں نے پہلی شادی ملکہ ترنم نور جہاں سے اور دوسری اداکارہ فردوس سے کی تھی لیکن دونوں شادیاں طلاق پرختم ہوئیں۔ ملکہ ترنم سے اعجاز درانی کی 3 بیٹیاں حنا درانی، نازیہ اعجاز خان اور مینا حسن ہیں۔

اعجازدراني نے 150سے زائد فلموں ميں اداکاری کے جوہر دکھائے، اداکارہونے کے ساتھ ساتھ وہ ہدایتکار اور فلم پروڈیوسربھی رہے۔سال 1935 میں جلال پور جٹاں کے نواحی گاؤں میں پیدا ہونے والے اعجاز درانی نے 1956 میں فلم حمیدہ سے بطور ساتھی اداکارکیریئرکاآغازکیا۔ ان کا فلمی کیریئر1956 سے 1984 تک محیط ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے معروف اداکار اعجاز درانی کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوگوارخاندان سے اظہار تعزیت کیا ہے۔عثمان بزدار کا کہنا تھا اعجاز درانی مرحوم نے شہرہ آفاق فلم ’ہیر رانجھا‘ میں بے مثال اداکاری کرکے فلم بینوں کے دل جیتے، رانجھا کے کردار میں اعجاز درانی نے حقیقت کا رنگ بھرا۔انہوں نے کہا کہ اعجاز درانی پاکستانی فلم انڈسٹری کا اثاثہ تھے، فلم انڈسٹری کی ترقی کے لیے مرحوم کی خدمات کو بھلایا نہیں جا سکتا۔

یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل  ماضی کی شہر آفاق فلم ہیر رانجھا کی ہیر فردوس بیگم بھی انتقال کرگئی تھیں۔مرحومہ کو دماغ کی شریان پھٹنے کے باعث لاہور کے نجی اسپتال میں انتہائی نگہداشت وارڈ میں رکھا گیا تھا۔واضح رہے کہ  اداکارہ فردوس بیگم 4 اگست 1947 کو لاہور میں پیدا ہوئیں، ان کی عمر 73 سال تھی۔