سیاسی جماعتوں، امیدوار اور پولنگ ایجنٹس کیلئے الیکشن کمیشن نےضابطہ اخلاق جاری کردیا

Jan 31, 2023 | 17:37:PM
سیاسی جماعتوں، امیدوار اور پولنگ ایجنٹس کیلئے الیکشن کمیشن نےضابطہ اخلاق جاری کردیا
کیپشن: الیکشن کمیشن(فائل فوٹو)
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)سیاسی جماعتوں، امیدوار اور پولنگ ایجنٹس کیلئے الیکشن کمیشن نےمجوزہ ضابطہ اخلاق جاری کردیا۔

مجوزہ ضابطہ اخلاق کے مطابق  سیاسی جماعتیں، امیدوار، الیکشن ایجنٹس آئین اور قوانین کے تحت عوام کے حقوق اور آزادی کا خیال رکھیں،سیاسی جماعتیں اور امیدوار پاکستان کی خود مختاری، سالمیت اور سلامتی کیخلاف اظہار خیال سے گریز کریں، عدلیہ اور افواج پاکستان کی شہرت اور تضحیک نہیں کی جانی چاہیے، الیکشن کمیشن کی تضحیک سے اجتناب اور احکامات کی پیروی کو یقینی بنایا جائے،خلاف ورزی پر توہین الیکشن کی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

امیدواروں کو تحائف، لالچ اور رشوت دے کر دستبردار کرانا انتخابی بدعنوانی تصور ہو گا،سیاسی جماعتیں، امیدوار پولنگ کے روز انتخابی عملے اور پولنگ ایجنٹس کے تحفظ کیلئے سکیورٹی اداروں سے مکمل تعاون کریں،سیاسی جماعتیں ٹکٹوں کی تقسیم کے دوران 5 فیصد خواتین کی نمائندگی کو یقینی بنائیں، سیاسی جماعتیں اور امیدوار انتخابی عمل میں خواتین کی شرکت کیلئے حوصلہ افزائی کریں۔

انتخابی امیدوار اور انکے حمایتی پولنگ کے دن تشدد سے اجتناب کرینگے، الیکشن ایکٹ کے تحت تمام امیدوار انتخابی اخراجات کے لئے مخصوص اکاونٹس کھلوانے کے پابند ہوں گے، امیدوار تمام اخراجات مذکورہ بالا اکاؤنٹ میں جمع کی گئی رقم سے کریں گے، انتخابی امیدواروں کی فہرست شائع ہونے کے بعد امیدوار ہر 15 روز میں اخراجات کی تفصیلات ریٹرننگ افسر کے پاس جمع کرانے کا پابند ہو گا، کامیاب امیدوار 10روز میں انتخابی اخراجات کی تفصیلات ریٹرننگ افسر کو جمع کرائے گا۔