لندن میں کنسرٹ کرنے پر دل سے معافی مانگتا ہوں، ابرارالحق

May 30, 2023 | 16:14:PM
سابق پی ٹی آئی رہنما اور گلوکار ابرارالحق نے کہا ہے کہ لندن میں کنسرٹ کرنے پر اگر میرے پرستاروں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں تو میں ان سب سے کھلے دل سے معافی مانگتا ہوں، وہ میری زندگی کا سیاہ دن تھا کہ میرے لوگ مجھ سے ناراض ہو گئے۔
کیپشن: فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) سابق پی ٹی آئی رہنما اور گلوکار ابرارالحق نے کہا ہے کہ لندن میں کنسرٹ کرنے پر اگر میرے پرستاروں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں تو میں ان سب سے کھلے دل سے معافی مانگتا ہوں، وہ میری زندگی کا سیاہ دن تھا کہ میرے لوگ مجھ سے ناراض ہو گئے۔

نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے ابرارالحق کا کہنا تھا کہ میں نے جب پریس کانفرنس میں پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان کیا تھا تو یہ بھی بتایا تھا کہ 3 دن بعد میرا لندن میں کنسرٹ ہے۔ میں وہاں تفصیلات نہیں بتا پایا تھا کہ کنسرٹ کے حوالے سے میرا معاہدہ 2 ماہ قبل طے پایا تھا۔

ابرارالحق نے کہا کہ کنسرٹ ایک پراپرٹی ایکسپو کا حصہ تھا، میں بغیر کسی معاوضے کے لندن آیا صرف اس لیے کہ سہارا ٹرسٹ کے لیے اچھے فنڈز مل جائیں گے۔ میں انجوائے کرنے یا بھنگڑے ڈالنے نہیں آیا تھا۔ لوگ نہیں سمجھتے کہ لندن میں سہارا ٹرسٹ بطور چیریٹی رجسٹرڈ ہے میں نہ آتا تو رجسٹریشن کینسل ہو جاتی۔

ابرارالحق کا کہنا تھا ہم بے وفا لوگ نہیں، اگر پاکستانی مجھ سے ناراض ہیں تو مجھے نہیں آنا چاہیے تھا لیکن اس سب کے باوجود میں معافی مانگتا ہوں۔ ایک سوال پر ان کا کہنا تھا پراپرٹی ایکسپو کا علیم خان سے کوئی تعلق نہیں، ایکسپو میں پاکستان کے تمام بڑے پراپرٹی بزنس مینز شریک تھے۔

لندن میں کنسرٹ کے بعد ہونے والی بدمزگی پر ان کا کہنا تھا، منتظمین نے مجھے بتایا تھا کہ اضافی سیکیورٹی طلب کی گئی ہے، کیونکہ ایسے صحافی جو فقیروں کی طرح نوازشریف کی رہائش گاہ کے باہر لفافہ لینے کے لیے کھڑے ہوتے ہیں، جن میں 2 خطرناک ترین صحافی بھی شامل ہیں، انہوں نے آپ پر حملے کا پروگرام بنا رکھا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ وہاں پی ٹی آئی ورکرز بالکل نہیں تھے، وہاں صحافیوں نے کچھ افریقی باشندے بلائے ہوئے ہیں جنہوں نے چہروں پر ماسک لگائے ہوئے تھے۔ مجھے کہا گیا کہ آپ نکل جائیں یہ لوگ کوئی شرارت کریں گے۔ وہاں ایک 65 سالہ شخص بھی سیکیورٹی والوں نے پکڑا جو اپنے ساتھ انڈے لایا ہوا تھا۔