جماعت اسلامی کی حکومت میں کسی حکومتی عہدیدار کو 10 مرلے سے بڑا گھرنہیں ملے گا: سراج الحق

Jan 30, 2024 | 00:09:AM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(حسن علی) امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ جماعت اسلامی کے دورِ حکومت میں کسی وزیر،مشیر، سیاستدان، گورنر، بیوروکریٹ کو 10 مرلے سے بڑا گھرنہیں ملے گا۔

انتخابی مہم کے دوران سرگودھا میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی مولانا سراج الحق نے ن لیگی اور پی پی پی  کی سیاسی قیادت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ملک کو نواز دو کی باتیں کرنے والے جان لیں کہ عوام کو  اب کسی بھی  نواز کی نہیں بلکہ تعلیم، صحت اور   نوجوانوں کو اچھے روزگار کی ضرورت ہے، جتنا نقصان  ان 2  خاندانوں نے پاکستان کو پہنچایا ہے  اتنا تو  امریکیوں نے دوسری جنگ عظیم میں جاپان کو بھی  نہیں پہنچایا تھا، یہ دونوں پارٹیاں  کم ازکم 40 سالوں سے ملکِ پاکستان  پر مسلط ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایک شخص 3 دفعہ وزیراعظم رہ کر چوتھی بار پھر  کرسی مانگ رہا ہے اور  دوسرا شہزادہ کہتا ہے کہ ان کے نانا اور  والدہ وزیراعظم تھے تو اقتدار ان کا بھی حق ہے، شاید یہ بھول گئے ہیں کہ پی پی چیئرمین بلاول بھٹو  اور ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز  چند ماہ قبل بہن بھائی تھے اب عوام کو نوراکشتی دکھائی جارہی ہے۔

کوٹ مومن سرگودھا میں عوامی  جلسے  سے خطاب کرتے ہوئے امیرجماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کے دورِحکومت میں کسی وزیر،مشیر، سیاستدان، گورنر، بیوروکریٹ کو 10 مرلہ سے بڑا گھرنہیں ملے گا، عوام کا پیسہ حکمران اشرافیہ کے پروٹوکول پر خرچ ہورہا ہے، ملک 80ہزار ارب کا مقروض ہے، 2 کروڑ لوگ بے گھر ہیں اورصدر، وزیراعظم، گورنرز، بیوروکریسی ایکڑوں پر مشتمل محلات میں رہائش پذیر ہیں، انگریز کے نظام کو بدلنا ہوگا، عوام ترازو پر مہر لگائیں تو ہم انہیں اسلامی نظام بھی دیں  گےاور  کرپٹ حکمرانوں کا بے لاگ احتساب بھی ہوگا، سابقہ حکمران حساب دینے کی بجائے مزید باریاں مانگ رہے ہیں،ان کی جگہ ایوانوں میں نہیں، جیل میں ہونی چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں:نوجوانوں کی ترقی کو ترقیاتی بجٹ میں خصوصی اہمیت دی جائے: نگران وزیراعظم

امیر جماعت اسلامی  نے کہا  عوام جان لے کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور  ن لیگ میں سے کسی ایک کو بھی  ووٹ دینا دوسرے کو سپورٹ کرنے کے مترادف ہے،لوگ اب ان کے جھانسے میں نہ آئیں، اب حل صرف جماعت اسلامی ہی ہے ، ہماری حکومت آئی تو کاشتکاروں اور مزدوروں کو ان کا حق ملے گا، تعلیم عام کریں گے، لوگوں کو صحت کی سہولیات ملیں گی، بے روزگاروں کو روزگار ملے گا، خواتین کے لیے یونیورسٹیاں بنائیں گے، انہیں تحفظ اور عزت ملے گی، خواتین اور نوجوانوں کو چھوٹے کاروبار کے لیے بلاسود قرضے دیں گے، ملک میں سودی نظام کا خاتمہ کریں گے، وسائل کی منصفانہ تقسیم ہرحالت میں یقینی بنائی جائے گی۔

امیر جماعت اسلامی نے  اہل سرگودھا سمیت ملک بھر کے ووٹرز سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ الیکشن میں ان کے پاس برہمن، شودر کی تقسیم کرنے کا بہترین موقع ہے، عوام کو شودر سمجھنے والے سیاسی برہمنوں، ظالم جاگیرداروں،وڈیروں اور کرپٹ سرمایہ داروں سے نجات کے لیے ضروری ہے کہ لوگ 8فروری کو ترازو پر مہر لگائیں، صرف جماعت اسلامی ہی ملک میں حقیقی تبدیلی لاسکتی ہے۔ ہم نے اقتدار میں نہ ہوتے ہوئے بھی عوام کی ہر مشکل وقت میں مدد کی، فلسطینیوں کے لیے 1 ارب 40  کروڑ اکٹھا کیا،نام نہاد بڑی پارٹیوں کے لیڈران نے امریکہ کے خوف سے اسرائیلی مظالم پر کوئی احتجاج نہیں کیا، انہوں نے مل کر کشمیر کا سودا کیا، یہ ڈاکٹر عافیہ کو امریکہ کے حوالے کرنے اور ریمنڈ ڈیوس کو باعزت رہائی دینے والوں میں سے  ہیں، جماعت اسلامی کامیاب ہوکر اہل فلسطین اور کشمیر کا مقدمہ پوری طاقت سے لڑے گی اور  ڈاکٹر عافیہ کو رہائی دلا کر واپس بھی لائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ  پیپلز پارٹی نے سندھ پر 15برس حکومت کی، آج بھی وہاں سکولوں پر وڈیروں کے قبضے ہیں، سابقہ حکمرانوں نے قوم کے بچوں کو تعلیم سے محروم کیا، ملک میں پونے تین کروڑ بچے سکول نہیں جاتے، 80 فیصد آبادی صاف پانی سے محروم ہے، انہوں نے قوم کو آئی ایم ایف کا غلام بنایا،جماعت اسلامی معیشت ٹھیک کرکے عوام کی مہنگائی و بے روزگاری سے جان چھڑائے گی اور  ہم انصاف اور قانون کی بالادستی قائم کریں گے۔

عوامی جلسہ سے خطاب کرتے وقت  امیدوران قومی وصوبائی اسمبلی اویس قاسم، رانا عمرفاروق، اسداللہ، ڈاکٹر مبشر، زبیر گوندل، عامر چیمہ، عبدالمنعم اور دیگر قائدین بھی جلسہ عام میں موجود تھے۔