پاکستان کو ٹی20 سیریز کے بعد پہلے ٹیسٹ میں بھی شکست !!!

Dec 30, 2020 | 09:47:AM
پاکستان کو ٹی20 سیریز کے بعد پہلے ٹیسٹ میں بھی شکست !!!
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز) ماؤنٹ مونگا نوئی ٹیسٹ کے آخری روز سنبھلنے کے بعد شاہین پھر لڑکھڑا گئے،373 رنز کے تعاقب میں پوری ٹیم 271 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔اس طرح کیویز نے شاہینوں کو پہلے ٹیسٹ میچ میں 101 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی ہے۔

پہلے ٹیسٹ کے آخری روز  اظہر علی نے 34 اور فواد عالم نے 21 رنز سےکھیل کا آغاز کیا۔ اظہر علی زیادہ دیر تک وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 48 رنز پر چلتے بنے۔ کپتان محمد رضوان 60 رنز بنا کر کائل جیمسن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔فواد عالم کی شاندار سنچری کی بدولت پاکستان کی میچ میں واپسی ہوئی لیکن وہ بھی 102 رنز پر نیل ویگنر کی گیند کا شکار بن گئے۔

رضوان اور فواد عالم کے آؤٹ ہونے کے بعد فہیم اشرف بھی 19 رنز پر چلتے بنے جبکہ یاسر بغیر کھاتا کھولے پویلین لوٹ گئے۔

 

محمد عباس اور نسیم شاہ ایک ایک رن بنا کر مچل سانتنر کی گیند کا شکار بنے۔

کیویز کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ،ٹم ساؤتھی ،کائل جیمسن،نیل ویگنر اورمچل سانتنر نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

واضح رہے کہ ماؤنٹ منگنوئی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں نیوزی لینڈ نے 431 رنز بنائے تھے،کیوی کپتان کین ولیمسن 129 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جبکہ بی جے واٹلنگ 73،  راس ٹیلر 70 اور ہینری نکولس 56 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔ قومی ٹیم کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 4، یاسر شاہ نے 3 جبکہ فہیم اشرف، محمد عباس اور نسیم شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان کی ٹیم  پہلی اننگز میں نیوزی لینڈ کے 431 رنز کے  جواب میں  239 رنز  پر ڈھیر ہوگئی تھی،جس کے بعد  کیوز کو 192 رنز کی برتری حاصل ہوئی ۔