ملتان کا قاسم باغ میدان جنگ،پولیس کا لاٹھی چارج،درجنوں گرفتار

Nov 29, 2020 | 10:10:AM
 ملتان کا قاسم باغ میدان جنگ،پولیس کا لاٹھی چارج،درجنوں گرفتار
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (24نیوز)ملتان جلسہ سے ایک روز قبل قاسم باغ اسٹیڈیم کے میدان میں سیاسی گرماگرمی  عروج پر،،رات گئے پولیس نے کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر جیالوں پرڈنڈے برسا دئیے ،سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی قاسم اور علی حیدر گیلانی سمیت درجنوں کارکنوں کو گرفتار کرلیا گیا

تفصیلات کے مطابق ملتان کے کہنہ قاسم باغ اسٹیڈیم کا کنٹرول سنبھالے جیالے ٹائم پاس کرنے کیلئے ،آگ سینکتے،گپیں لڑاتے اورڈھول کی تھاپ پر رقص کرتے رہے ۔جیالوں کو سردی سے بچانے کیلئے رضائیوں سے بھرا ٹرک بھی اسٹیڈیم پہنچا۔

لیکن جب پی ڈی ایم کے کارکن کنٹینر ہٹانے کیلئے کرین لے کر آئے تو پولیس کا صبر  جواب دے گیا  اور  کارکنوں پر لاٹھی چارج  شروع کردیا۔یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی گیلانی سمیت کئی کارکنوں کو گرفتار کر لیا گیا۔

واضح رہے کہ دوپہر کو پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے کارکنان نے  قاسم اسٹیڈیم کے تالے توڑ کر  کنٹینر ہٹا دئیےتھے۔اب قاسم باغ اسٹیدیم کے داخلی راستے پر دوبارہ کنٹینر رکھ دیئے گئے ہیں اور پولیس کی بھارتی نفری بھی تعینات کر دی گئی ہے۔ کارکنان کے اسٹیڈیم سے چلے جانے کے بعد بعد کیٹرنگ والے شامیانے، کرسیاں اور دیگر سامان اٹھا کر لے گئے ۔

دوسری جانب  جلسے کے لیے کیٹرنگ کا سامان دینے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن  کرتے ہوئے متعدد گوداموں کو سیل کردیا گیا ہے۔کمشنر ملتان کا کہنا ہے کہ کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی کرنے والوں پر مقدمات درج کئے گئے ہیں، جلسے اور ریلیوں کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پی ڈی ایم کارکنوں پر پولیس تشدد کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے پھر حملہ کیا، قاسم گیلانی سمیت ہمارے مختلف کارکنان کو گرفتار کیا، پی ٹی آئی حکومت پی پی پی کے یوم تاسیس سے بوکھلا چکی ہے۔کچھ بھی ہو جائے، 30 نومبر کو پی ڈی ایم کی میزبانی کریں گے، آصفہ بھٹو زرداری میری نمائندگی کے لیے ملتان پہنچ رہی ہیں۔

پیپلز پارٹی کے رہنما عبد القادر گیلانی نے گرفتاریوں اور تشدد کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہم پولیس سے تصادم نہیں چاہتے تھے۔پولیس نے بدترین کریک ڈاؤن کیا، پولیس نے موسیٰ گیلانی کو گریبان سے پکڑ کر گھسیٹا، جتنی مرضی گرفتاریاں کر لیں جلسہ تو ہو گا۔بعدازاں پولیس نے یوسف رضا گیلانی کے بیٹے اور رکن پنجاب اسمبلی علی حیدر گیلانی کو بھی حراست میں لے لیا۔

رانا ثناءاللہ نے بھی گرفتاریوں اور پولیس چھاپوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ملتان جلسے سے پہلے پولیس گردی سے پتہ چل رہا ہے کہ سیلیکٹڈ گھبرا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا جس نے اپوزیشن کو کٹینر دینے کا اعلان کیا تھا، اپنے بچاؤ کے لیے کنٹینر ڈھونڈتا پھر رہا ہے۔رانا ثناء اللہ کا مزید کہنا تھا کہ کنٹینر لگانے سے پی ڈی ایم ملتان کا جلسہ نہیں روک سکتے، پولیس کو غیر سیاسی بنانے کے دعوے دار کا منہ آج کالا ہو گیا ہے۔