حماس جنگ بندی میں 2 سے 4 روز کی توسیع پر رضامند

Nov 27, 2023 | 09:35:AM
حماس جنگ بندی میں 2 سے 4 روز کی توسیع پر رضامند
کیپشن: file
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)غزہ عارضی جنگ بندی کا چوتھا اور آخری روز، حماس جنگ بندی میں 2 سے 4 روز کی توسیع پر رضامند ہوگیا،جنگ بندی میں توسیع سے مزید20 سے 40 اسرائیلی قیدیوں کی رہائی ممکن ہوسکے گی،جنگ بندی کے تیسرے روز حماس نے تین تھائی شہریوں سمیت مزید 17 یرغمالی رہا کئے، اسرائیل نے بدلے میں مزید 39 فلسطینی قیدیوں کو رہا کیا،ایندھن اور گیس کے چار ٹرکوں سمیت مزید 120 امدادی ٹرک بھی غزہ میں داخل ہوئے۔

 عارضی جنگ بندی کے تیسرے روز حماس نے اسرائیل کے 13 یرغمالی ریڈ کراس کے حوالے کیے،  اسرائیلی حکام نے یرغمالیوں کی رہائی کی تصدیق کردی۔حماس کی جانب سے رہائی کے بعد انٹرنیشنل ریڈ کراس کے حوالے کیے گئے 13 اسرائیلی یرغمالیوں میں دوہری شہریت کی حامل 4 سالہ امریکی بچی سمیت  9 بچے اور 4 خواتین  شامل ہیں، اس سے پہلے بھی یرغمالیوں کے دونوں گروپ جنوبی غزہ میں ریڈ کراس کے حوالے کیے گئے تھے۔

 
ادھر امریکی صدر بائیڈن نے یرغمالیوں میں ایک چار سالہ امریکی بچی کے رہا ہونے کی بھی تصدیق کردی ہے، حماس کی جانب سے 3 تھائی شہریوں  سمیت ایک روسی شہری کو بھی رہا کیا گیا ہے۔

دوسری جانب معاہدے کے تحت حماس کی جانب سے اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کے بدلے میں اسرائیل کو بھی 39 فلسطینی قیدیوں کو رہا کرنا پڑا  ہے جبکہ معاہدے کے تحت امدادی سامان کے ایندھن اور گیس کے چار ٹرکوں سمیت 120 امدادی ٹرک بھی غزہ میں داخل ہوگئے۔

اسرائیلی حملوں کے بعد غزہ کی 80 فیصد آبادی بے گھر ہو گئی 

اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حملوں کے بعد غزہ کی 80 فیصد آبادی بے گھر ہو گئی ہے جس کی تعداد 17 لاکھ سے زیادہ ہے، 10 لاکھ سے زیادہ فلسطینی 156 پناہ گزین مراکز میں موجود ہیں، اسرائیلی فوج پناہ گزین مراکز پر بھی بمباری کر چکی ہے۔

جنگ بندی کے دوسرے روز حماس نے اسرائیل کی جانب سے معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے یرغمالیوں کی رہائی عارضی طور پر مؤخر کر دی تی تاہم بعد میں قطر اور مصر کی کوششوں کے بعد 13 اسرائیلیوں اور 7 غیر ملکی یرغمالیوں کو رہا کیا گیا تھا جس کے بدلے اسرائیل کو بھی 39 فلسطینی قیدیوں کو رہا کرنا پڑا تھا۔

یاد رہے  اسرائیل نے 18 ہزار ٹن بارودغزہ پر گرایا، غزہ پر گرائے گئے بارود کا تناسب 50 ٹن فی کلومیٹر کے حساب سے بنتا ہے، اب تک گرائے گئے بارود کا تناسب ہیروشیما پر ہونیوالے ایٹمی دھماکے سے ڈیڑھ گنا زیادہ ہے۔