سینئر صحافی اشرف ممتاز کو لاہور میں سپرد خاک کر دیا گیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) پاکستان کے سینئر صحافی اشرف ممتاز کو آج دوپہر لاہور کے میانی صاحب قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق 40 سال سے زیادہ صحافت کے میدان میں گزارنے والے اور آخری دم تک اس میدان میں سرگرم رہنے والے تجربہ کار صحافی اشرف ممتاز کی نماز جنازہ میں صحافیوں، اہل خانہ اور دوستوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔وہ اپنے شاندار کیریئر کے دوران بڑے قومی اور بین الاقوامی اخبارات سے وابستہ رہے۔
اشرف ممتاز ڈیلی ڈان کے سابق چیف رپورٹر تھے اور ریٹائرمنٹ کے بعد دی نیشنل لاہور میں بطور ایڈیٹر رپورٹنگ شامل ہوئے۔ اس کے بعد انہوں نے 24نیوز ایچ ڈی ٹی وی کے ڈیجیٹل میڈیا کے ڈپٹی ایڈیٹر کے طور پر اپنے فرائض انجام دینے سے پہلے ڈیلی دی نیشن کے ایڈیٹر رپورٹنگ کے طور پر ایک دہائی گزاری۔
فی الحال وہ سعودی عرب کے اخبار عرب نیوز سے وابستہ تھے جہاں ان کی آخری رائے 20 مئی 2023 کو شائع ہوئی۔
وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے سینئر صحافی اشرف ممتاز کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وفاقی وزیر نے اپنے تعزیتی پیغام میں اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ" وہ مرحومہ کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور سوگوار خاندان کو یہ ناقابل تلافی نقصان صبر و استقامت کے ساتھ برداشت کرنے کا حوصلہ اور ہمت عطا فرمائے۔انہوں نے سوگوار خاندان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار بھی کیا اور کہا کہ سینئر صحافی کے انتقال کی خبر سن کر انہیں دکھ ہوا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ "اشرف ممتاز کی صحافت کے میدان میں خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔"