پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈار کے پی اے کی اعترافی ویڈیو، لاکھوں روپے کمیشن کا انکشاف

Feb 26, 2023 | 13:24:PM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) سابق چئیرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام اور پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈار کے پی اے کا اعترافی ویڈیو بیان سامنے آگیا، عثمان ڈار کے بھائی کو لاکھوں روپے کمیشن دینے کا انکشاف کر دیا۔

 تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریکِ انصاف گجرات کے صدر عثمان ڈار کے پی اے  جاوید علی ولد طالب حسین کا اقبالی بیان سامنے آ گیا ہے۔ رہنما پی ٹی آئی PTI کے پی اے نے بیان میں عثمان ڈار کے بھائی احمد ڈار کو پچاس لاکھ روپے کمیشن دینے کا انکشاف کر دیا ہے۔

رہنما پی ٹی آئی کے پی اے جاوید کا اعترافی ویڈیو میں کہنا تھا کہ میں  تین ماہ تک عثمان ڈار کا ڈویلپمنٹ کے لیے پی اے تھا اور  این اے 67  کی کل 28  میں سے چار یونین کونسل کے پانچ ٹھیکیداروں سے پچاس لاکھ روپے جمع کیے ہیں۔

اعترافی ویڈیو میں جاوید  کا  مزید کہنا تھا کہ باجوہ اینڈکمپنی کو دو کروڑ کا ٹھیکہ ملا جس پر  20 لاکھ روپے کمیشن احمد ڈار کو  لا کر دیے اور زین باجوہ کمپنی کے پاس پچاس لاکھ کا ٹینڈر تھا جس پر  پانچ لاکھ روپے کمیشن احمد ڈار کو لا کردیا تھا۔ اس کے ساتھ ساتھ خضر کنسٹرکشن کمپنی کے پاس ایک کروڑ کا ٹینڈر تھا جس پر  میں نے دس لاکھ روپے کمیشن لے کر احمد ڈار کو پہنچایا اور بلال کنٹریکٹر کے پاس بھی ایک کروڑ کا ٹینڈر تھا  ان سے بھی دس لاکھ  روپے کمیشن لے کر  احمد ڈار کو پہنچا چکا ہوں۔  جبکہ الیاقت بلڈرز کے پاس پچاس لاکھ کا ٹیندرتھا جس کا  بھی پانچ لاکھ  روپے کمیشن لے کر احمدڈار کو پہنچایا تھا۔

مزید پرھیں: عام انتخابات ازخود نوٹس : اقلیتی برادری کی فریق بننے کی درخواست

رہنما پی ٹی آئی PTI کے پی اے کا مزید کہنا تھا کہ این اے 67 کی کل 28 یونین کونسلیں ہیں جن میں سے چار یونین کونسلز کے اندر میں کام کرتا تھا اور باقی 24 یونین کونسلز کو خواجہ عمران دیکھا کرتا تھا۔خواجہ عمران دس، پندرہ یا بیس فیصد کمیشن لیتا تھا اس بات کا مجھے علم نہیں ہے۔

دوسری جانب احمد ڈار نے مجھے  کہا تھا کہ تم ہمارے لئے اتنا کام کرتے ہو میں تمہیں سرکاری نوکری دلا دیتا ہوں۔ میں کم پڑھا لکھا ہو لیکن میں نے  جعلی تعلیمی سرٹیفکیٹ بنوایا اور احمد ڈار کے کہنے پر محکمہ تعلیم میں کاغذات  جمع کروائے جس پر انہوں نے میری نوکری کے آڈر کروا دیے۔

جاوید نے واضح کیا کہ میں گورنمنٹ ایلمنٹری ماڈل سکول ڈالیاں میں ملازمت کررہا ہوں اور اس کے عوض ٹھیکیداروں سے کمیشن جمع کرکے احمد ڈار کو لا کر دیتا تھا۔