دو ہزار سال قدیم غیر معمولی حد تک محفوظ لاشیں دریافت

Nov 25, 2020 | 07:00:AM
دو ہزار سال قدیم غیر معمولی حد تک محفوظ لاشیں دریافت
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (24نیوز)اٹلی میں کھدائی کے دوران  دو ہزار سال قدیم دو افراد کی جلی ہوئی لاشیں دریافت ہوئیں، جو حیران کن طور پر غیر معمولی حد تک محفوظ ہیں۔

برطانوی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اٹلی کے شہر پومپے میں کھدائی کے دوران محکمہ آثار قدیمہ کے ماہرین کو دو ایسی لاشیں ملیں جن کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ یہ دو ہزار سال قدیم ہیں۔ماہرین کے مطابق 79 میں پھٹنے والے آتش فشاں کی زد میں آکر پومپے کا علاقہ مکمل طور پر تباہ ہوگیا تھا۔آثار قدیمہ کے ماہرین کا کہنا ہے کہ ملنے والی لاش میں سے ایک کی عمر تیس سے چالیس جبکہ دوسرے کی عمر 18 سے 23 سال کے درمیان ہے۔اٹلی کے وزیر برائے محکمہ ثقافت و آثار قدیمہ کا کہنا تھا کہ ایک لاش کی گردن کے نیچے سے اون کے بُنے چوغے کے نشانات ملے ہیں جس سے اندازہ لگایا گیا ہے کہ وہ عمر میں بڑا اور امیر شخص تھا جبکہ دوسری لاش پرایسے نشانات ہیں جس سے اندازہ لگایا گیا کہ وہ بہت زیادہ مشقت کرنے والا نوجوان تھا۔

ماہرین کے مطابق زمین کی گہرائی سے برآمد ہونے والی دونوں لاشیں ایک چیمبر میں موجود تھیں جن کے دانت اور ہڈیاں بالکل محفوظ ہیں جبکہ اُن کے بال اور جسم پر تھوڑا گوشت بھی موجود ہے۔محکمہ آثار قدیمہ کے ماہرین نے لاشوں پر پلاسٹر چڑھا دیا ہے جس سے دونوں کے جسم کے خدوخال نمایاں ہورہے ہیں۔ماہرین نے ان لاشوں کو فرانزک ٹیسٹ کے لیے لیبارٹری منتقل کردیا ہے جس کی رپورٹ آنے کے بعد مزید حقائق سامنے آئیں گے۔پومپے کے محکمہ آثار قدیمہ کے ڈائریکٹر ماسیمو اوسانو کا کہنا تھا کہ ’میرے خیال میں سنہ 79 میں پہاڑ سے جب لاوا نکلا ہوگا تو یہ دونوں حفاظتی مقام کی تلاش میں چیمبر تک پہنچے مگر بدقسمتی سے وہ بھی آتش فشاں کی زد میں آگئے‘۔