فواد چوہدری بازیابی کیس: آئی جی پنجاب اور اسلام آباد طلب

Jan 25, 2023 | 16:04:PM
فواد چوہدری کی بازیابی سے متعلق کیس میں لاہور ہائیکورٹ نے آئی جی پنجاب اور آئی جی اسلام آباد کو طلب کر لیا
کیپشن: لاہور ہائیکورٹ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) فواد چوہدری کی بازیابی سے متعلق کیس میں لاہور ہائیکورٹ نے آئی جی پنجاب اور آئی جی اسلام آباد کو طلب کر لیا۔

 لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ نے فواد چوہدری کی بازیابی سے متعلق کیس کی سماعت کی۔

دوران سماعت جسٹس طارق سلیم شیخ نے استفسار کیا کہ کدھر ہیں فواد چوہدری؟ جس پر سرکاری وکیل نے بتایا کہ سب سے بات کی ہے لیکن وہ پنجاب پولیس کے پاس نہیں ہے۔

جسٹس طارق سلیم شیخ نے کہا کہ آئی جی پنجاب کو بلائیں، جس پر سرکاری وکیل نے جواب دیا کہ آئی جی پنجاب ابھی یہاں نہیں ہیں۔

عدالت نے آئی جی پنجاب اور آئی جی اسلام آباد کو 6 بجے طلب کرتے ہوئے سرکاری وکیل سے کہا پہلے فواد چوہدری کو پیش کریں تب آپ کو سنوں گا۔

یاد رہے لاہور ہائیکورٹ نے فواد چوہدری کو عدالت میں ڈیڑھ بجے پیش کرنے کا حکم دیا تھا تاہم اسلام آباد پولیس فواد چوہدری کو طبی معائنے کے بعد اسپتال سے لیکر وفاقی دارالحکومت کے لیے روانہ ہو گئی ہے۔

 قبل ازیں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کو راہداری ریمانڈ کے لیے کینٹ کچہری میں پیش کیا گیا ، عدالت نے اسلام آباد پولیس کی راہداری ریمانڈ کی درخواست منظور کرتے ہوئے پہلے ان کا طبی معائنہ کرنے کی ہدایت کی تھی۔