نیوٹرلز، ججز اور وکلا کو پیغام دیتا ہوں یہ فیصلہ کن وقت ہے: عمران خان

May 24, 2022 | 15:00:PM
عمران خان، پریس کانفرنس،پشاور
کیپشن: نیوٹرلز، ججز اور وکلا کو پیغام دیتا ہوں یہ فیصلہ کن وقت ہے: عمران خان
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) عمران خان نے کہا ہے کہ نیوٹرلز، ججز اور وکلا کو پیغام دیتا ہوں کہ یہ فیصلہ کن وقت ہے، جو خود کو نیوٹرل کہتے ہیں ان کو واضح کرتا ہوں ان کا حلف پاکستان کی سالمیت، خوداری کا تحفظ کرنا ہے، ملک کی تباہی کی طرف گیا تو آپ بھی ذمہ دار ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ کل خیبرپختونخوا سے اسلام آباد کیلئے نکلوں گا۔

 پشاور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ آج ملک میں فیصلہ کن وقت ہے، یہ وقت فیصلہ کرے گا کہ کس طرح کے پاکستان میں رہنا ہے، فاشسٹ حکومت کی تاریخ کا پتہ ہے وہ ہمیشہ کیا کرتی ہے، 30 سال سے دو خاندان حکومت میں رہے، حکومت سے باہر جاتے ہیں تو انہیں جمہوریت یاد آجاتی ہے، ہماری حکومت میں یہ کتنی بار سڑکوں پر آئے اور احتجاج کیا، قوم ملک کے اداروں کی طرف دیکھ رہی ہے، عدلیہ اپنے فیصلوں سے ملک کی جمہوریت کا تحفظ کرے، کوئی بھی اس ملک میں نیوٹرل نہیں رہ سکتا۔

 عمران خان کا کہنا تھا کہ عوام کا سمندر ہوگا، یہ کتنے لوگوں کو جیلوں میں ڈالیں گے، کوئی بھی جمہوریت ایسا نہیں کرسکتی، موجودہ کابینہ میں 60 فیصد مجرم ہیں، شروع سے ہمارا موقف ہے کہ ہم پر امن احتجاج کریں گے، ہم نے واضح کہہ دیا ہے کہ پرامن احتجاج کرنے جا رہے ہیں، حمزہ شہباز کیسے پولیس کو حکم دے سکتا ہے، اس کا فیصلہ کل ہونے جا رہا ہے کیوں کہ سارے لوٹے ڈی سیٹ ہو چکے ہیں، دو راستے ہیں، ایک تباہی کا اور ایک حقیقی آزادی کا۔