مفتاح اسماعیل کی جگہ نیا وزیر خزانہ کون ہوگا ؟ بڑا دعویٰ سامنے آگیا

Jun 24, 2022 | 12:45:PM
مفتاح اسماعیل،وزیر خزانہ،اسحاق،شہباز گل،دعویٰ
کیپشن: صنعتوں پر دس فیصد سپر ٹیکس لگانے سے بےروزگاری میں اضافہ/ فائل فوٹو، گوگل سور
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل نے کہا کہ معیشت کو ڈبونے کے فیصلے کروانے کے بعد مفتاح اسماعیل کو فارغ کیا جا رہا ہے، ان کی جگہ مشہور زمانہ اسحاق ڈار کو لایا جا رہا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ  ٹویٹر پر اپنے پیغام میں شہباز گل کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار نے پچھلی باری ڈالر ریٹ کو جعلی طریقے سے کنٹرول کرنے کیلئے 33 ارب روپے ضائع کئے تھے۔

 

ایک اور ٹویٹ میں شہباز گل نے کہا کہ صنعتوں پر دس فیصد سپر ٹیکس لگانے سے بےروزگاری میں اضافہ جبکہ گروتھ میں کمی ہوگی، کھاد سمیت ہر چیز کی قیمت میں 10 فیصد مزید اضافہ ہو جائے گا۔ عمران خان نے ایسے ظالمانہ اقدامات کے بغیر ہی ٹیکس کولیکشن میں ریکارڈ اضافہ کیا۔

 یہ بھی پڑھیں:مہنگائی سے تنگ عوام کیلئے بُری خبر: حکومت کا نئے ٹیکسز کا اعلان

دوسری جانب وزیرِاعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اسلام آباد میں معاشی ٹیم کا اجلاس ہوا جس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بجٹ سے متعلق ہم نے اہم فیصلے کیے جن کا بنیادی مقصد عوام کو مشکل سے نکالنا ہے، معیشت دیوالیہ ہونے جا رہی تھی جس سے ملک اب نکل آئے گا، بجٹ میں کیے گئے اعلانات کے مطابق آئی ایم ایف شرائط منظور ہوچکیں، یقین ہے مشکل وقت سے نکل آئیں گے۔

 شہباز شریف نے کہا کہ مہنگائی پر قابو پانے کیلئے جان لڑادوں گا لیکن سبز باغ نہیں دکھاؤں گا، صاحب ثروت افراد غریبوں کی مدد کریں، غریب نے قربانی دی اب ایثار کرنے کی صاحب حیثیت کی باری ہے، ہم دن رات محنت کریں گے اور ہچکولے لیتی کشتی کو پار لگائیں گے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بڑی صنعتوں پر 10 فیصد سپر ٹیکس (تخفیف غربت ٹیکس) لگارہے ہیں، ان صنعتوں میں سیمنٹ، چینی، تیل و گیس، کھاد، ایل این جی ٹرمینل، ٹیکسٹائل، بینکنگ، آٹوموبائل، سگریٹ، اسٹیل، کیمیکل، بیوریجز شامل ہیں۔

 شہباز شریف نے کہا کہ عوام کو مشکلات سے نکالنے کیلئے پر خلوص کوششیں جاری ہیں، سابق دور حکومت میں بدترین کرپشن ہوئی، فیصلوں سے قلیل مدت کیلئے مشکلات آئیں گی، عوام پر مہنگائی کا بوجھ کم کرنے کیلئے ریلیف دیں گے، پاکستان کو قائداعظم محمدعلی جناح کے راستے پر گامزن کرینگے، یہ وقت سیاست کو بچانے کا نہیں ریاست کو بچانے کا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کی معیشت کو مستحکم کرنا ہمارا عزم ہے، حکومت سنبھالنے کے بعد ہمارے پاس دو راستے تھے، ایک راستہ انتخابات اور دوسرا مشکل فیصلوں کا تھا، موجودہ حکومت نے جرات مندانہ فیصلے کئے ہیں، دن رات محنت کرینگے اور ہچکولے کھاتی معاشی کشتی کو پار لگائیں گے۔

 شہباز شریف نے کہا کہ یہ معاشی پالیسی پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کریگی، یہ بجٹ عوام کوغیرمعمولی حالات کی سختیوں سے بچانے کیلئے ہے، بجٹ میں معاشی پلان دیا ہے، معیشت کو پچھلی حکومت نےناتجربہ کاری اور کرپشن سے تباہ کیا، صاحب حیثیت افراد غیر معمولی حالات میں احساس کرتے ہوئے آگے بڑھیں گے۔