اماراتی صدر کی پاکستان میں 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی یقین دہانی

May 23, 2024 | 20:38:PM
اماراتی صدر کی پاکستان میں 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی یقین دہانی
کیپشن: وزیراعظم شہباز شریف کی یو اے ای کے صدر سے ملاقات
سورس: 24 News
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(اویس کیانی) وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے سفارتی محاذ پر بڑی کامیابی حاصل کر لی، متحدہ عرب امارات کےصدر نے پاکستان میں 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی یقین دہانی کرا دی۔

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے اپنے ایک روزہ دورہ کے دوران متحدہ عرب امارات کے صدر  شیخ محمد بن زاید النہیان سے ابوظہبی میں ملاقات کی، نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیرِ تجارت جام کمال خان، وزیرِ دفاع خواجہ آصف اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیرِ اعظم کے ہمراہ ملاقات میں شریک تھے، وزیرِ اعظم نے متحدہ عرب امارات کے صدر کے ساتھ شیخ طحنون بن محمد النہیان اور شیخ حزہ بن سلطان النہیان کی وفات پر تعزیت کی۔

یہ بھی پڑھیں: گزشتہ ماہ پاکستان میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں کتنا اضافہ ہوا؟ رپورٹ جاری

ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین دو طرفہ تعلقات بشمول سیاسی، اقتصادی اور دفاعی شعبوں میں تعاون پر گفتگو ہوئی، وزیرِ اعظم نے پاکستان کی متحدہ عرب امارات کے ساتھ شراکت داری بالخصوص انفارمیشن ٹیکنالوجی، قابل تجدید توانائی اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیرِ اعظم نے متحدہ عرب امارات کی پاکستان میں توانائی، پورٹ آپریشنز منصوبوں، غذائی تحفظ، مواصلات، معدنیات، بینکنگ اور مالیاتی سروسز کے شعبے میں سرمایہ کاری پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

دوسری جانب متحدہ عرب امارات کےصدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے پاکستان میں 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی یقین دہانی کرا دی۔