انسٹاگرام صارفین کے لیے نئے ٹولز متعارف

Jun 23, 2022 | 16:34:PM
فائل فوٹو
کیپشن: انسٹاگرام صارفین کے لیے نئے ٹولز متعارف
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

انسٹاگرام نے صارفین کی عمر کی تصدیق کے لیے نئے ٹولز کی آزمائش شروع کردی ہے۔میٹا کی زیرملکیت فوٹو شیئرنگ ایپ کے مطابق امریکا میں ان ٹولز کی آزمائش شروع کی جارہی ہے۔

ان ٹولز کے تحت صارفین دیگر سے اپنی عمر کی تصدیق کروائیں گے یا ویڈیو سیلفی اپ لوڈ کرکے کمپنی کو یقین دلائیں گے کہ ان کی عمر 18 سال یا اس سے زیادہ ہے۔

اب اگر کوئی 18 سال سے کم عمر صارف اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ میں تاریخ پیدائش کو بدل کر اپنی عمر 18 سال سے زیادہ کرنے کی کوشش کرے گا تو کمپنی کی جانب سے شناختی کارڈ اپ لوڈ کرنے، ویڈیو سیلفی یا دوستوں سے عمر کی تصدیق کرانے کا کہا جائے گا۔انسٹاگرام کے مطابق ویڈیو سیلفی ٹیسٹ کے لیے اس نے برطانوی ٹیکنالوجی کمپنی یوٹی سے شراکت داری کی ہے۔

یہ کمپنی چہرے کے ذریعے کسی فرد کی عمر کا تخمینہ لگا سکتی ہے۔

میٹا اور یوٹی نے کہا ہے کہ کسی فرد کے ڈیٹا کو اسٹور نہیں کیا جائے گا اور عمر کی تصدیق کے بعد اسے ڈیلیٹ کردیا جائے گا۔

دوستوں سے تصدیق کے فیچر میں صارف کو کہا جائے گا کہ وہ اپنے 3 فالوورز کو نامزد کرے جو عمر کی تصدیق کریں گے۔

ان نامزد افراد کی عمر 18 سال یا اس سے زیادہ ہونا ضروری ہوگی، کسی اور کی عمر کی تصدیق نہیں کررہے ہوں گے اور چند دیگر شرائط پر پورا اترنا بھی ضروری ہوگا، جن کی وضاحت ابھی کمپنی نے نہیں کی۔

ان ٹولز کی آزمائش کا مقصد کم عمر صارفین کو نامناسب مواد سے تحفظ فراہم کرنا ہے۔

انسٹاگرام نے بتایا کہ کسی فرد کی عمر کا آن لائن تعین کرنا پیچیدہ چیلنج ہے، مگر ہم انڈسٹری اور حکومتوں کے ساتھ مل کر اس معاملے پر واضح معیار قائم کرنا چاہتے ہیں۔

خیال رہے کہ انسٹاگرام استعمال کرنے والے صارف کی عمر کم از کم 13 سال ہونی چاہیے، مگر ابھی ایسا کوئی طریقہ کار نہیں جس سے کمپنی کو معلوم ہوسکے کہ اس سروس کو استعمال کرنے والے حقیقی عمر کیا ہے۔

13 سال سے زائد اور 18 سال سے کم عمر صارفین کو سروس میں مختلف پابندیوں کا سامنا ہوتا ہے جیسے ان کا اکاؤنٹ بائی ڈیفالٹ پرائیویٹ موڈ پر بنتا ہے۔