مقبول بھارتی ڈائریکٹردل کا دورہ پڑنے پر چل بسے

Nov 21, 2023 | 00:53:AM
مقبول بھارتی ڈائریکٹردل کا دورہ پڑنے پر چل بسے
کیپشن: سنجے گدھوی، فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک )مشہور بالی وُڈ فلموں ’دھوم ‘ اور ’دھوم ٹو‘ کے ڈائریکٹر سنجے گدھوی دل کا دورہ پڑنے پرانتقال کرگئے ہیں۔

بھارتی اخبار انڈیا ٹُوڈے کے مطابق بھارتی فلم ساز سنجے گدھوی کا انتقال اتوار کو ہوا۔سنجے کے دوستوں کے مطابق وہ چند دن قبل فلم دیکھنے سنیما گھر بھی گئے تھے۔میڈیا کے مطابق 56 سالہ ڈائریکٹر سنجے گدھوی اپنی سالگرہ سے تین روز قبل دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے انتقال کرگئے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جس وقت سنجے گدھوی کو دل کا دورہ پڑا تو وہ لوکھنڈ والا میں اپنی رہائش گاہ پر ہی موجود تھے اور ان کی موت کی خبر کی تصدیق ان کی بیٹی سنجینا گدھوی نے کی ہے۔

سنجینا گدھوی نے میڈیا کو بتایا کہ میرے والد گھر کے پاس ہی صبح چہل قدمی کے لیے گئے تو اُنہیں سینے میں درد ہوا جس کے بعد ہم اُنہیں اسپتال لے کر گئے وہاں پہنچ کر پتہ چلا کہ گھر میں ہی والد کی موت ہوچکی تھی۔ ہدایتکار کی بیٹی نے بتایا کہ میرے والد کو کوئی بیماری نہیں تھی، وہ بالکل صحت مند تھے، اُن کی یوں اچانک موت نے ہمیں صدمے میں ڈال دیا ہے۔

اداکار ابھیشیک بچن نے انسٹاگرام کا رخ کرتے ہوئے گدھوی کی موت پر یاد گار تصویر جاری کرکے اپنے غم کا اظہار کیا۔اداکار نے لکھا کہ، ’میں نے سنجے کی یہ تصویر اس وقت لی تھی جب ہم جنوبی افریقہ میں دھوم 2 کے کلائمکس کی شوٹنگ کر رہے تھے۔

ہم نے ایک ساتھ 2 فلمیں بنائیں دھوم اور دھوم 2، سنجو، جب میں نے پچھلے ہفتے آپ سے بات کی تھی اور ہم اپنی شوٹنگز اور یادیں تازہ کر رہے تھے تو میں نے خوابوں میں بھی نہیں سوچا تھاکہ مجھے اس طرح کی پوسٹ لکھنی پڑے گی’۔

سنجے گدھوی نے اپنی کیرئیر میں بہت سی فلمیں ڈائریکٹ کی، انہوں نے مقبول فلم ’میرے یار کی شادی ہے‘،’کِڈ نیپ‘ اور 2012 میں ’عجب غضب لَوّ‘ اور ’آپریشن پرندے‘ کی ہدایت کاری کی تھی۔

سنجے گدھوی نے ہدایت کاری کے اپنے کریئر کا آغاز سنہ 2000 میں فلم ‘تیرے لیے‘ سے کیا تھا لیکن اس فلم کو زیادہ توجہ نہیں مل سکی تھی۔ان کو پہلی بار غیرمعمولی توجہ 2004 میں ملی جب ایکشن تھرلر فلم ’دھوم‘ ریلیز ہوئی۔

سنجے گدھوی کی موت پر یش راج فلمز، فلم ساز کنال کوہلی، امیشا پٹیل، جان ابراہام، سلینا جیٹلی سمیت شوبز انڈسٹری وابستہ افراد نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔