کرم میں آئی ای ڈی دھماکا،پاک فوج کے5جوان شہید

Jun 21, 2024 | 20:53:PM
کرم میں آئی ای ڈی دھماکا،پاک فوج کے5جوان شہید
کیپشن: وطن پر قربان ہونیوالے جوان، فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)ضلع کرم میں آئی ای ڈی دھماکے میں پاک فوج کے 5جوان شہید ہو گئے،صدر مملکت آصف علی زرداری اور وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے سکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب آئی ای ڈی دھماکے کی شدیدمذمت کی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع کرم میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی کو آئی ای ڈی سے نشانہ بنایا گیا،بارودی سرنگ دھماکے میں مادر وطن کے 5سپوت شہید ہو گئے،شہداء میں حوالدار عقیل احمد، لانس نائیک محمد طافیر، سپاہی انوش، سپاہی اعظم خان، سپاہی ہارون ولیم شامل ہیں ۔

آئی ایس پی آر نے کہاہے کہ علاقے میں کسی بھی دہشتگرد کی تلاش کیلئے آپریشن جاری ہے،گھناؤنے فعل کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز دہشتگردی کی لعنت ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں،ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے ضلع کرم میں دیسی بم حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور شہید ہونے والے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا، صدر مملکت نے شہداء کے جذبہ حب الوطنی اور فرض شناسی کو سراہا اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے سکیورٹی فورسز  کے کردار کی تعریف کی۔

صدر مملکت نے دہشت گردی کے جڑ سے خاتمے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں جاری رہیں گی ،صدر مملکت نے شہداء کے لواحقین سے اظہار تعزیت ، صبر جمیل کی دعا کی اور شہداء کیلئے بلندی درجات کی بھی دعا کی۔

دوسری جانب وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کرک کے علاقے میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب آئی ای ڈی دھماکے کی شدیدالفاظ میں مذمت کی ہے،وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے دھماکے میں سکیورٹی  فورسز کے 5 اہلکاروں کی شہادت پر اظہار افسوس کیا،وزیرداخلہ محسن نقوی نے شہدا کی قربانیوں کو خراج عقیدت کیا اور لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا۔

وفاقی وزیر داخلہ کا کہناتھا کہ شہداء کی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،شہید ہونے والے اہلکاروں نے اپنا آج قوم کے پرامن کل پر قربان کیا۔ محسن نقوی  کا مزید کہناتھا کہ  سیکیورٹی فورسز کی لازوال قربانیوں کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی،قوم دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے پر عزم ہے۔ 

یہ بھی پڑھیں: عون چودھری کی کامیابی کیخلاف پٹیشن ،الیکشن ٹریبونل نے بڑا حکم جاری کردیا