سیاست سے نفرت، تقسیم اور تشدد پر اکسانے والوں کو ختم کرنا ہوگا: بلاول بھٹوزرداری

Jun 21, 2023 | 23:56:PM
سیاست سے نفرت، تقسیم اور تشدد پر اکسانے والوں کو ختم کرنا ہوگا: بلاول بھٹوزرداری
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( طحہٰ ملک) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ہماری سیاست شخصیات کےخلاف نہیں ہونی چاہیے، سیاست سے نفرت، تقسیم اورنوجوانوں کو تشدد پر اکسانے والوں کو ختم کرنا ہوگا۔

ڈی ایچ اے صفہ یونیورسٹی کے تیسرے کانوکیشن کی تقریب میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ ڈی ایچ اے صفہ یونیورسٹی کے کانوکیش کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے کیاگیا۔ گولف کلب کے آڈیٹوریم میں منعقدہ تقریب میں 270 پاس آئوٹ طلبہ کو ڈگریاں تفویض کی گئیں۔ وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد افضل، پروفیسر احمد سعید، ایڈمنسٹریٹر ڈی ایچ اے بریگیڈیئر رائے آصف نے استقبال کیا۔ صوبائی وزیر یونیورسٹی اینڈ بورڈز اسماعیل راہو بھی شریک تھے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف کے پیرس پہنچتے ہی زور دار دھماکا

کانوکیش سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان کی قسمت نوجوانوں کے ہاتھوں میں ہے، ہماری سیاست شخصیات کےخلاف نہیں ہونی چاہیے، سیاست سے نفرت، تقسیم اورنوجوانوں کو تشدد پر اکسانے والوں کو ختم کرنا ہوگا، جو نوجوانوں کو گمراہ کرکے تشدد پر اکسانا چاہتے ہیں انہیں مسترد کرنا ہوگا، ہمیں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور معیشت کی تنزلی کا چیلنج درپیش ہے، غربت اور بے روزگاری کے خاتمے کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا، سیاست دانوں کو غربت، بے روزگاری کے خلاف لڑنا چاہیےہمیں معاشی اور دیگر چینلنجز کا سامنا ہے ہماری منزل خوشحالی اور ترقی ہونی چاہیے، معاشی چیلنجز سے سرخرو ہوکر نکلیں گے، پیپلزپارٹی جمہوریت پر یقین رکھتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج کی تقریب میں شرکت میرے لئے باعث اعزاز ہے، موجودہ نوجوان نسل میرٹ اور شفافیت پر یقین رکھتی ہے، پاکستان کسی خاص طبقے یا کچھ افراد کا نہیں بلکہ سب کا ہے، نوجوان اصل سرمایہ ہیں، یہ ہی مستقل اور حال کی امید ہیں، جو کوئی آپ کو پرتشدد واقعات کے لیے اکسائے، نفرت پر مبنی باتیں کرے اس کو مسترد کردیں، آج کا دور انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کا ہے، نوجوان نسل جدید تعلیم اور ٹیکنالوجی کے حصول پر دھیان دیں، جون 1998 میں شہید بینظیر بھٹو نے کہا تھا کہ ایک نئی جنریشن کا آغاز ہوگیا ہے،   ایک جمہوری پاکستان کی تعمیر ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پارٹی رہنماﺅں کو علیحدگی پراکسانے کا الزام،عمران خان نے پرویز خٹک کو بڑا جھٹکا دیدیا

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پوزیشن ہولڈرز میں 26 گولڈ میڈلز اور 13 سلور میڈلز تقسیم کئے جبکہ وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے کانوکیشن میں انجینئرنگ اینڈ اپلائیڈ سائنس کے پاس آئوٹ طلبہ جبکہ اسماعیل راہو نے ایم بی اے پاس آئوٹ طلبہ میں اسناد تقسیم کیں اور صوبائی وزیراسماعیل راہو نے ایم بی اے پاس آؤٹ طلبہ کو ڈگریاں دیں۔