’یہ انڈین کرکٹ ٹیم کا پرومو ہے‘

Jul 21, 2023 | 15:47:PM
’یہ انڈین کرکٹ ٹیم کا پرومو ہے‘
کیپشن: فوٹو (اسکرین گریب)
سورس: آئی سی سی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے رواں سال بھارت کی میزبانی میں ہونے والے ورلڈ کپ 2023ء کا پرومو جاری کردیا۔

2 منٹ 13 سیکنڈ پر مشتمل ویڈیو میں ورلڈ کپ میں حصہ لینے والی تمام ٹیموں کی جھلکیاں دکھائی گئی ہیں لیکن اس میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کو خاص طور پر اہیمت دی گئی ہے اور بالی وڈ اداکار شارخ خان بھی ٹرافی کے ہمراہ ویڈیو میں نظر آ رہے ہیں۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری کیے جانے والے پرومو میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو شامل ہی نہیں کیا گیا، صرف دو کھلاڑیوں شاہین شاہ آفریدی اور وہاب ریاض کی جھلک دکھائی گئی ہے۔

پرومو میں بھارتی کھلاڑیوں اور مداحوں کو زیادہ دکھانے پر صارفین کی جانب سے کرکٹ کونسل کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

بعض صارفین کا کہنا ہے کہ بھارت نے یہاں بھی بغض دکھایا ہے، پاکستان کو ویڈیو میں سے ہٹا دینا چاہیئے جبکہ چند صارفین نے کہا کہ ویڈیو میں بھارت کے علاوہ کوئی ٹیم شامل ہی نہیں ہے۔

سپورٹس جرنلسٹ شہریار اعجاز لکھتے ہیں کہ یہ ویڈیو انڈین کرکٹ ٹیم اور انگلینڈ کرکٹ بورڈ پر ہی مبنی ہے، شاہین آفریدی نے ایک وکٹ حاصل کی، شاداب کو چھکا پڑا، وہاب ریاض کا نشانہ بننا اور محمد عامر کو کلین بولڈ کرنا۔ لیکن ون ڈے کے نمبر ون بلے باز اس ویڈیو میں موجود نہیں ہیں، اس میں حسد اور منافقت عروج پر ہے۔

عمیر علوی نامی صارف نے آئی سی سی پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ پاکستان کو اس ویڈیو سے ہٹا ہی دیں، اتنی سے جھلکیاں بھی کیوں دکھائی ہیں۔

ایک صارف نے پوچھا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کہاں ہیں؟ کیا بادشاہ کے بغیر بھی کبھی کوئی ورلڈ کپ کھیلا گیا ہے؟

صحافی زبیر علی خان نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ یہ آئی سی سی ایونٹ کا پرومو ہے یا بھارتی سیریز کیلئے اسٹار اسپورٹس کا بنایا ہوا پرومو؟ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس پرومو میں پاکستانی ٹیم کو واضح طور پر نظر انداز کیا گیا ہے۔

زبیر علی خان نے مزید کہا کہ جانبداری اور تعصب کا تاثر آئی سی سی کی ساکھ کو متاثر کر سکتا ہے اس لیے ضروری ہے کہ اس طرح کے تمام تحفظات کو دور کیا جائے۔

اریبہ اظہر لکھتی ہیں کہ بابر اعظم جو پچھلے ڈھائی سالوں سے آئی سی سی کے ون ڈے میں نمبر ون بلے باز ہے لیکن اس کا ایک بھی شاٹ اس پرومو میں نہیں دکھایا گیا۔

کشف نے دلچسپ تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’اس اشتہار کو یہ بات ذہن میں رکھ کر بنایا گیا ہے کہ انڈیا کے پاس ٹرافی ہے، باقی ٹیمیں صرف مہمان ہیں اور پاکستان کھیل ہی نہیں رہا۔‘

ورلڈ کپ کا پہلا میچ 5 اکتوبر کو دفاعی چیمپیئن انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان احمد آباد میں کھیلا جائے گا۔
ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم اپنے تمام گروپ میچز انڈیا کے پانچ شہروں کولکتہ، بنگلور، حیدرآباد دکن، احمد آباد اور چنئی میں کھیلے گی۔
پاکستان اپنا پہلا میچ 6 اکتوبر کو کوالیفائر ون ٹیم سے حیدرآباد دکن میں کھیلے گا۔
اسی طرح پاکستان اپنا دوسرا میچ بھی حیدرآباد دکن میں 12 اکتوبر کو کوالیفائر ٹو کے ساتھ کھیلے گا۔
اس کے بعد پاکستان اپنے روایتی حریف انڈیا کیخلاف 15 اکتوبر کو احمد آباد کے نریندر مودی سٹیڈیم میں کھیلے گا۔
میگا ایونٹ میں پاکستان کا چوتھا میچ آسٹریلیا کیخلاف 20 اکتوبر کو بنگلور میں ہوگا جبکہ گرین شرٹس 23 اکتوبر کو اپنا پانچواں میچ افغانستان کیخلاف چنئی میں کھیلے گی۔
اسی طرح پاکستان اپنا چھٹا میچ بھی 27 اکتوبر کو جنوبی افریقہ کیخلاف چنئی میں ہی کھیلے گا۔
ورلڈ کپ میں پاکستان کا ساتواں میچ بنگلہ دیش کیخلاف کولکتہ میں 31 اکتوبر کو ہوگا جبکہ گرین ٹیم نیوزی لینڈ کیخلاف 4 نومبر کو بنگلور میں کھیلے گی۔
پاکستان ایونٹ میں آخری گروپ میچ 12 نومبر کو کولکتہ میں انگلیںڈ کیخلاف کھیلے گا۔