تیز ترین انٹرنیٹ سروس: پاکستانیوں کو فائیو جی کب سے ملے گا؟

Apr 19, 2023 | 19:58:PM
تیز ترین انٹرنیٹ سروس: پاکستانیوں کو فائیو جی کب سے ملے گا؟
کیپشن: فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی سید امین الحق نے اعتراف کیا ہے کہ ملک میں فائیو جی انٹرنیٹ سروس لانے میں معاشی بحران اور سیاسی تبدیلی مشکلات کا سبب بن رہی ہیں۔

 انہوں نے نجی ویب سائٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ٹیلی کام کمپنیز سے رابطے میں ہیں، کوشش ہے رواں سال کے اختتام تک ملک کے چند بڑے شہروں میں تیز ترین انٹرنیٹ سروس متعارف کروا دی جائے۔

سید امین الحق نے کہا نوجوان آئی ٹی کے شعبے میں کام کر کے پاکستان کے لیے زرمبادلہ کما رہے ہیں، یہ ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، انہیں سہولتیں فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔

ایم کیو ایم پاکستان کے مرکزی رہنما اور وفاقی وزیر سید امین الحق نے ایک اور سوال کے جواب میں تسلیم کیا فری لانس کام کرنے والوں کو رقوم کی وصولی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے تاہم ان کا کہنا تھا کہ آئی ٹی منسٹری فری لانسرز کے ساتھ رابطے میں ہے۔

انہوں نے کہا فری لانسرز کو اکاؤنٹ کھولنے میں مشکلات کا سامنا ہوتا ہے، ایف بی آر کی جانب سے مختلف سوالات شروع کیے جاتے ہیں، آئی ٹی منسٹری اس ضمن میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور ایف بی آر کے ساتھ مل کر تمام امور کو بہتر کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

سید امین الحق نے بتایا کہ گوگل اور ٹک ٹاک نے سکیورٹی ایکسچینج میں رجسٹریشن کرا دی ہے جب کہ فیس بک اور ٹوئٹر سمیت دیگر بڑی کمپنیز سے بات چیت کا سلسلہ جاری ہے، امید ہے جلد دیگر بڑی کمپنیز بھی پاکستان میں اپنے  دفاتر قائم کرلیں گی۔