سینیٹرمشاہد اللہ کی نماز جنازہ ادا،ہرآنکھ اشک بار

Feb 18, 2021 | 08:19:AM
سینیٹرمشاہد اللہ کی نماز جنازہ ادا،ہرآنکھ اشک بار
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز) مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما سینیٹر مشاہد اللہ خان68 سال کی عمر میں  اسلام آباد میں انتقال کرگئے۔ مرحوم کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔

مرحوم کی  نماز جنازہ بعد نماز ظہر اسلام آباد کے سیکٹر الیون ایچ میں ادا کردی گئی۔ نمازجنازہ میں سیاسی وسماجی شخصیات ،ن لیگ کے کارکنوں اور اہل علاقہ نے کثیرتعداد میں شرکت کی۔سابق گورنر سندھ اور مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما محمد زبیر نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں  مشاہد اللہ خان کے انتقال کی تصدیق  کرتے ہوئے لکھا تھا  کہ  مشاہد اللہ خان کافی عرصے سے علیل تھے۔

واضح رہے کہ مشاہد اللہ کا شمار مسلم لیگ ن کے سینئر رہنماؤں میں ہوتا تھا اور وہ مسلم لیگ کی سابق حکومت میں وفاقی وزیر رہے۔مشاہد اللہ خان نے ابتدائی تعلیم اسلامیہ ہائی اسکول راولپنڈی سے حاصل کی جس کے بعد انہوں نے گورڈون کالج سے گریجویشن مکمل کیا اور پھر اردو لاء کالج کراچی سے قانون کی ڈگری حاصل کی۔

ادھر مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے مشاہداللہ خان کے انتقال پرگہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سینیٹر مشاہد اللہ خان پارٹی کے وفادار اور سینئر رہنما تھے۔ان کے انتقال کی خبر سن کر دھچکا لگا، مرحوم مشاہد اللہ کی وفات  مسلم لیگ ن کے لیے بڑا نقصان ہے۔ مشاہداللہ خان کے خلوص اور والد جیسی محبت کو کبھی فراموش نہیں کرسکیں گی۔

دوسری جانب حکمران جماعت تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید خان نے بھی سینیٹر مشاہد اللہ خان کے انتقال پراظہار افسوس کیا ہے اور کہا ہے کہ وہ ان کی کمی کو شدت سے محسوس کریں گے۔