امریکی تاریخ کا سب سے بڑا دفاعی بجٹ منظور

Dec 17, 2022 | 11:35:AM
امریکی تاریخ کا سب سے بڑا دفاعی بجٹ منظور
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) امریکی سینیٹ نے ریکارڈ 858 ارب ڈالر کے دفاعی بجٹ کی منظوری دیتے ہوئے سمری صدر بائیڈن کو بھجوا دی ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ رقم صدر بائیڈن کے تجویز کردہ دفاعی بجٹ کی رقم سے 45 ارب ڈالر زیادہ ہے جبکہ اس میں فوج کیلئے لازمی کووڈ ویکسین کے مینڈیٹ کو بھی منسوخ کر دیا گیا ہے۔

جمعرات کو پیش کیے جانے والے اس بل یا نیشنل ڈیفنس آتھرائزیشن ایکٹ کی حمایت میں 83 جبکہ مخالفت میں 11 ارکان نے ووٹ ڈالا۔

اس بل میں مالی سال 2023ء کے فوجی اخراجات کیلئے 858 ارب ڈالر کی منظوری دی گئی ہے جن میں فوجیوں کی تنخواہوں میں چار اعشاریہ چھ فیصد اضافے، ہتھیاروں، بحری جہازوں اور جنگی طیاروں کی خریداری کیلئے بھی رقم رکھی گئی ہے جبکہ چین اور روس کے خطرات کا سامنا کرتے تائیوان اور یوکرین کی مالی مدد کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

اس بل کے تحت اگلے سال یوکرین کو کم از کم 800 ملین ڈالر کی اضافی سیکیورٹی امداد فراہم کی جائے گی اور اس میں چین کے ساتھ تناؤ کے درمیان تائیوان کو مضبوط کرنے کیلئے کئی دفعات شامل ہیں جن کے تحت تائیوان کو بھی اربوں ڈالر کی سیکیورٹی معاونت فراہم کی جائے گی۔

اس بل میں ہائپرسونک ہتھیاروں کو تیار کرنے، ہوائی میں ریڈ ہل بلک فیول سٹوریج کی سہولت کو بند کرنے اور لاک ہیڈ مارٹن کارپوریشن کے ایف 35 لڑاکا طیاروں اور جنرل ڈائنامکس کے تیار کردہ بحری جہازوں سمیت ہتھیاروں کے نظام کی خریداری کیلئے مزید فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔