’عام انتخابات 90 دن میں نہیں ہوسکتے‘ الیکشن کمیشن کا نئی حلقہ بندیاں کرنے کا فیصلہ

Aug 17, 2023 | 18:27:PM
’عام انتخابات 90 دن میں نہیں ہوسکتے‘ الیکشن کمیشن کا نئی حلقہ بندیاں کرنے کا فیصلہ
کیپشن: فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(عثمان خان) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ڈیجیٹل مردم شماری کے سرکاری اشاعت کے نتائج کے مطابق نئی حلقہ بندیاں کرنے کا فیصلہ جاری کردیا۔

اس حوالے سے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے نئی حلقہ بندیوں سے متعلق نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

نئی حلقہ بندیوں سے متعلق الیکشن کمیشن کا اجلاس چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت ہوا جس میں ممبران و سیکریٹری کمیشن سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔

خیال رہے کہ اس حوالے سے الیکشن کمیشن نے صوبائی حکومتوں اور ادارہ شماریات سے بھی معاونت طلب کرلی ہے۔

نوٹیفیکیشن کے مطابق 14 دسمبر کو حلقہ بندیوں کی حتمی اشاعت کی جائے گی جبکہ پرانی حلقہ بندیاں الیکشن کمیشن کی جانب سے فریز کردی گئی ہیں۔

نوٹیفیکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ 21 اگست کو چاروں صوبوں اور اسلام آباد کیلئے کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی جبکہ یکم سے 4ستمبر تک ان کمیٹیوں کو ٹریننگ دی جائے گی اور حلقہ بندیوں کی ابتدائی اشاعت 9 اکتوبر کو ہو گی۔

اسی طرح حلقہ بندیوں کیخلاف اپیلیں 10اکتوبر سے 8 نومبر تک کی جاسکیں گی اور الیکشن کمیشن 10نومبر سے 9 دسمبر تک شکایات پر سماعت کرے گا۔