پی ٹی آئی نے قوم کا وقت ضائع کیا،نجات کا وقت آ گیا۔سراج الحق 

Oct 16, 2021 | 10:01:AM
پی ٹی آئی نے قوم کا وقت ضائع کیا
کیپشن: سراج الحق، فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(مانیٹرنگ ڈیسک)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ مغل شہزادوں سے نجات کا وقت آ گیا ہے،پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) نے قوم کے تین سال ضائع کیے،پارلیمنٹ میں ایک قانون بھی عوام کے لیے نہیں بنا

سراج الحق کا کہنا ہے کہ ملک پر 35سال آمروں نے حکومت کی،سٹیٹس کو کو بحال رکھنے کے لیے حکمران اشرافیہ ہمیشہ ایک پیج پر ہوتی ہے، جس ملک کی خاطر کروڑوں اسلامیانِ برصغیر نے قربانیاں دیں وہاں ظالمانہ نظام نافذ ہے۔معیشت کی تباہی کے بعد ملک کی نظریاتی اساس سے کھیلا جا رہا ہے، بجلی کی قیمت میں ڈیڑھ روپے فی یونٹ اضافہ ظلم ہے،عالمی مالیاتی ادارے( آئی ایم ایف) کے حکم پر بجلی پر سبسڈی عملًا ختم کر دی گئی۔

ملکی تاریخ میں ایسا پہلی بارہوا ہے،پاکستان کے مسائل کا حل ظالم اشرافیہ اور سٹیٹس کو سے نجات میں ہے، قوم کو اسلامی انقلاب کے لیے جماعت اسلامی کی جمہوری اور پرامن جدوجہد کا ساتھ دینا ہو گا، نبی رحمتﷺ کا اسوہ پوری انسانیت کو درپیش مسائل کا حل ہے، اسلامیان پاکستان کے دل عشقِ رسولﷺ سے لبریز ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ اب ملک میں نظام مصطفی ﷺکے نفاذ کے لیے عملی جدوجہد کا آغاز کیا جائے۔

  جامعہ مسجد حنفیہ لبرٹی مارکیٹ گلبرگ میں ''عشق مصطفیﷺ نظام مصطفیﷺ'' کے موضوع پر ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئےسراج الحق نے کہا کہ پاکستان نعمت خداوندی ہے،عشق رسولﷺ کا تقاضا ہے کہ اس ملک میں رسول پاکﷺ دیا گیا نظام نافذ ہو، گزشتہ سات دہائیوں سے سازش کے ذریعے ملک کو اسلامی نظام سے محروم رکھا گیا، اب ہمیں مزید وقت ضائع نہیں کرنا چاہیے۔

پی ٹی آئی حکومت نے مدینہ کی ریاست کا نام لے کر عوام سے جھوٹ بولا، موجودہ حکمرانوں میں اہلیت نہیں کہ ملک کو مدینہ کی ریاست میں تبدیل کر سکیں، جماعت اسلامی مسلسل پاکستان میں اسلامی نظام کے نفاذ کے لیے کوشش کر رہی ہے، ہم عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ آزمائے ہوئے جاگیرداروں، وڈیروں اور کرپٹ سرمایہ داروں کو مسترد کریں اور جماعت اسلامی کو موقع دیں، ہم قوم سے یہ وعدہ کرتے ہیں کہ اللہ تعالی کی مدد و نصرت سے پاکستان کو حقیقی معنوں میں مدینہ کی ریاست میں تبدیل کریں گے۔

 بعدازاں منصورہ میں وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ حکمران بے حس ہو چکے ہیں،نااہلیت اور غیر سنجیدگی حکومت کا ٹریڈ مارک ہے، پی ٹی آئی نے سوا تین برسوں میں غیر سنجیدگی اور نااہلی کی انتہا کر دی ، نام نہاد بڑی اپوزیشن جماعتیں بھی اپنے مفادات کی جنگ لڑ رہی ہیں، غریبوں کے مسائل کی کسی کو فکر نہیں،مہنگائی اور بے روزگاری کے طوفان اور سودی معیشت نے عوام کا کچومر نکال دیا۔

انہوں نے کہا  کہ حکمرانوں کو خبردار کرنا چاہتا ہوں کہ ایک ماہ بعد گیس کا بحران شدید صورت حال اختیار کر جائے گا، سرکاری اعدادوشمار کے مطابق گیس کی طلب اور رسد میں 50فیصد کے قریب خلا ہے،گیس کی درآمد سے متعلق مربوط پالیسی کی ضرورت ہے،سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے مسئلہ کا مستقل حل نکالا جائے، ایران اور ترکمانستان سے گیس خریداری کے منصوبوں پر عمل کیا جائے، ملک میں گیس کے ذخائر تلاش کرنا ہوں گے، اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں گزشتہ تین برسوں میں سو سے تین سو فیصد اضافہ ہوا، ادویات کی قیمتیں 14بار بڑھیں، ان حکمرانوں کو عوام کٹہرے میں کھڑا کریں گے۔

 انہوں نے کہا کہ وہ پارٹیاں جنھوں نے ماضی میں حکمرانی کے مزے لیے وہ بے قصور اور عوام کے ہمدرد بننے کی کوشش نہ کریں،سابقہ اور موجودہ حکمران ملک کی تباہی کے ذمہ دار ہیں، جماعت اسلامی عوام کا مقدمہ لڑ رہی ہے، ظالم اشرافیہ کے خلاف جدوجہد جاری رکھیں گے، قوم سٹیٹس کو سے تنگ آ گئی، پاکستان کو اسلامی جمہوری انقلاب کی ضرورت ہے، قرآن و سنت کے نظام کے نفاذ سے ہی ملک آگے جائے گا۔ 

یہ بھی پڑھیں:      حیران کن اضافہ ۔۔۔ پیٹرولیم مصنوعات میں12 روپے فی لیٹر اضافہ