دہشتگردوں کا پاکستان میں غیر قانونی مقیم افراد سے رابطہ، ٹھوس کارروائی کے خواہاں ہیں:ترجمان دفتر خارجہ

Nov 16, 2023 | 12:49:PM
دہشتگردوں کا پاکستان میں غیر قانونی مقیم افراد سے رابطہ، ٹھوس کارروائی کے خواہاں ہیں:ترجمان دفتر خارجہ
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ ہمارے پاس انٹیلیجنس معلومات ہیں کہ دہشتگرد پاکستان میں غیر قانونی مقیم افراد سے رابطے میں ہیں،ہم چاہتے ہیں پاکستان کی سکیورٹی کیلئے خطرہ پیدا کرنے والا یہ گروپ ختم کیا جائے۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کا ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں کہنا تھا  کہ ہم نے انٹیلیجنس معلومات پر افغانستان کی عبوری حکومت کو دہشتگردوں کے ٹھکانوں کے خلاف کارروائی کا کہا ہے، ہم کالعدم ٹی ٹی پی کے خلاف ٹھوس کارروائی کے خواہاں ہیں،پاکستان سے 58 ہزار 368 افراد تیسرے ممالک میں چلے گئے ہیں، پاکستان افغانستان کے ساتھ دوطرفہ تجارت اور ٹرانزٹ ٹریڈ کی سہولت دیتا رہے گا، جعلی دستاویزات پر بنائے گئےکاروبار کو پاکستانی قوانین کے تحت نمٹا جائے گا، اس حوالے سے سیکرٹری داخلہ کی سربراہی میں ایک ٹاسک فورس قائم ہے،  یہ ٹاسک فورس غیر قانونی طور  پر مقیم افراد کی پراپرٹیز کا جائزہ لے رہی ہے۔

مسئلہ کشمیر کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں زمینوں پر قبضے میں مصروف ہے، بھارت نے پلوامہ میں انسانی حقوق کے محافظین کی زمین قبضے میں لیں، پاکستان مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گا،حال ہی میں فلسطین اسرائیل جنگ پر ہونے والے او آئی سی کے سربراہی اجلاس کے حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے او آئی سی عرب لیگ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت کی اور غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: یااللہ خیر, زلزلےکےجھٹکے

 ممتاز زہرا بلوچ کا مزید کہنا تھا کہ نگران وزیراعظم نے فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کیا اور اجلاس میں اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ فلسطین کے حل پر زور دیا، پاکستان او آئی سی اور عرب لیگ کے مشترکہ اجلاس کے اعلامیے کا خیر مقدم کرتا ہے اور عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ غزہ میں ہسپتالوں پر اسرائیلی حملوں کا نوٹس لے۔

یوکرین کو ہتھیاروں کی فراہمی سے متعلق سوال پر ترجمان دفتر خارجہ نے ایک بار پھر واضح کیا کہ پاکستان نے یوکرائن یا روس کو ہتھیار فروخت نہیں کئے، ہم جو ہتھیار کسی کو فروخت کرتے ہیں اس کا اینڈ یوزر سرٹیفیکٹ ہوتا ہے، ہم اس پوزیشن میں بھی نہیں کہ بتا سکیں کہ اس تنازع میں کون سا فریق کیا ہتھیار استعمال کر رہا ہے، پاکستان اور روس کے درمیان دہشتگردی کی روک تھام کیلئے اجلاس جاری ہے، پاکستان کی طرف سے ایڈیشنل سیکرٹری حیدر شاہ وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔