سپیکر صاحب آپ نے ایوان کا تقدس مجروح کرایا۔تاریخ آپ کو زمہ دار ٹھہرائے گی ۔شہباز شریف

Jun 15, 2021 | 21:08:PM
 سپیکر صاحب آپ نے ایوان کا تقدس مجروح کرایا۔تاریخ آپ کو زمہ دار ٹھہرائے گی ۔شہباز شریف
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

  (24نیوز) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف نے حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت ہر مکمل اور غیر مکمل منصوبے پر تختی لگانے اور کریڈٹ لینے میں ماہر ہے۔ہم نے جعلی ادویات کو روکنے کیلئے ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹریاں بنائیں، نواز شریف نے ہیلتھ کارڈ کے منصوبہ کا آغاز کیا،، 2018 میں غریب اور یتیم بچوں کو تعلیم کیلئے 20 ارب روپے کے وظائف دیئے گئے، موجودہ حکومت کی ترجیح صرف یہ ہے کہ اپوزیشن کو کس طرح دیوار سے لگایا جائے۔
منگل کو ایک مرتبہ پھر قومی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہاکہ آئندہ الیکشن میں عوام ان کو دیوار سے لگا دے گی ان کو پھر کہیں جگہ نہیں ملے گی، ہم نے لیپ ٹاپ تقسیم کیے تو تنقید کی گئی،آج کورونا کے دور میں لیپ ٹاپ ہی طلبا کے کام آرہے ہیں، ہمارے دور میں تھری جی اور فور جی کا پروگرام شروع ہوا، اے پی ایس سکول پر حملے کے بعد دہشت گردوں کے خلاف نواز شریف نے قومی قیادت کو ایک میز پر اکٹھا کیا، نیشنل ایکشن پلان سے ملک سے دہشتگری کا خاتمہ کیا گیا۔ 
 انہوں نے الزام عائد کیا کہ تین ماہ میں کرپشن ختم کرنے کے دعویدار بدترین بدعنوانی میں ملوث، سرعام عوام کی جیبیں کاٹی جا رہی ہیںاور کہا جا رہا ہے کہ بجٹ عوام دوست بجٹ ہے۔
شہباز شریف گزشتہ روز اسمبلی اجلاس کی صورتحال پر سخت غصے میں تھے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں سپیکر اسد قیصر سے گلے شکوے بھی کئے جبکہ حکومتی ارکان پر ایوان کا تقدس مجروح کرنے کا الزام بھی لگایا۔ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز میری تقریر میں مداخلت کی کوئی مثال نہیں ملتی، تاریخ میں ایسا کبھی نہیں ہوا کہ اپوزیشن لیڈر بات کرے اور مداخلت کی جائے۔انہوں نے سپیکر قومی اسمبلی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اس کا خمیازہ یہ بھگتیں گے اور تاریخ آپ کو ذمہ دار ٹھہرائے گی۔ آپ نے ایوان کا تقدس مجروح کروایا ہے ۔

 شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عمران خان مسلط ہوئے تو جی ڈی پی پہلے سال دو اعشاریہ ایک فیصد پر چلی گئی تھی۔ ایک کروڑ نوکریاں تو دور کی بات پچاس لاکھ لوگوں کو بے روزگار کر دیا گیا۔ آج ملک میں بے روزگاری کی شرح تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے۔
یہ بھی پڑھیں۔شراب کی فروخت بڑھانے کے لئے حکومت نے ہدف دے دیا