کسی غریب کومفت علاج کے حق سے محروم نہیں کرینگے:وزیراعلیٰ مریم نواز

پنجاب میں نافذ لیبر قوانین کا جائزہ،وزیراعلیٰ کی مزدوروں اور ورکرز کا ڈیٹا مرتب کرنے کی ہدایت

Mar 14, 2024 | 11:18:AM
کسی غریب کومفت علاج کے حق سے محروم نہیں کرینگے:وزیراعلیٰ مریم نواز
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ ہیلتھ کارڈ پاکستان مسلم لیگ ن کا پراجیکٹ ہے، پائیدار مکینزم کے ساتھ ری لانچنگ کریں گے،کسی غریب کومفت علاج کے حق سے محروم نہیں کرینگے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں ہیلتھ انشورنش کی ری لانچنگ کیلئے تجاویز اور سفارشات پر غور کیا گیا،اجلاس میں ہیلتھ کارڈ کو مزید مؤثر بنانے کیلئے ورکنگ گروپ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

 وزیراعلیٰ مریم نواز نے ہیلتھ کارڈ کی ری لانچنگ کیلئے 3 ماہ میں قابل عمل پلان طلب کرلیا ہے،اس حوالے سے مریم نواز کا کہنا ہے کہ کسی غریب کو مفت علاج کے حق سے محروم نہیں کریں گے، عام آدمی کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کرنا چاہتے ہیں۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبہ بھر کے مزدوروں اور ورکرز کا جامع ڈیٹا مرتب کرنے کی ہدایت کر دی،وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں دیہاڑی دار مزدوروں کو سوشل سکیورٹی سہولتیں فراہم کرنے کیلئے رجسٹریشن کارڈ جاری کرنے کی تجاویز اور پنجاب میں نافذ لیبر لاز کا جائزہ لیا گیا۔

مریم نواز نے مزدوروں کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے رسک سیکٹر کی نشاندہی کیلئے عالمی معیار کی لیب قائم کرنے کا حکم دیا جبکہ ورکرز کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے آکو پیشنل سیفٹی اینڈ ہیلتھ موبائل لیب پراجیکٹ شروع کرنے کی بھی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے رائیڈر سروس فراہم کرنے والے موٹرسائیکل سوار نوجوانوں کے تحفظ کیلئے بھی مؤثر قانون سازی کرنے کی ہدایت کر دی جبکہ سندر اور ٹیکسلا میں لیبر کالونیوں کے پراجیکٹس جلد مکمل کرنے کا حکم بھی دیا۔

اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ ورکرز اور مزدوروں کیلئے لیبر کالونیاں قائم کی جائیں گی، قائد اعظم بزنس پارک شیخوپورہ اور راولپنڈی میں لیبر کمپلیکس بنایا جائے گا، شیخوپورہ اور راولپنڈی میں 1400 مزدوروں اور 800 مزدور خاندانوں کو رہائش فراہم کی جاسکے گی۔

انہوں نے کہا کہ مزدوروں کو اپنا گھر اور اپنی چھت فراہم کرنا میرا عزم ہے، صوبہ بھر میں مرحلہ وار لیبر کالونیاں بنائیں گے، فیکٹریوں میں ورکروں کے تحفظ کیلئے حفاظتی اقدامات پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔