میں کسی ملک کا دشمن نہیں، امریکا سے دوستی چاہتا ہوں ، غلامی نہیں ، عمران خان 

Aug 14, 2022 | 00:17:AM
تحریک انصاف، چیئرمین عمران خان، غلام ذہنیت قوم، پرواز،
کیپشن: عمران خان جلسے سے خطاب کرتے ہوئے
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کاکہناہے کہ غلام ذہنیت قوم کی پرواز کبھی اوپر نہیں ہوتی،میں کسی ملک کا دشمن نہیں، امریکا سے دوستی چاہتا ہوں ، غلامی نہیں چاہتا،میں امریکا اور برطانیہ کو زیادہ تر پاکستانیوں سے بہتر جانتا ہوں،ان کی نفسیات ہے اگر ان کے پاﺅں میں گرتے ہیں تو آپ کو استعمال کریں گے۔
نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں تحریک انصاف کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہاکہ آج ساری قوم کو حقیقی آزادی کا راستہ بتاﺅں گا،آج آپ کو حقیقی آزادی کا روڈمیپ بتانا ہے،انہوں نے کہاکہ قائداعظم محمد علی جناح نے ہمیں ایک قسم کی غلامی سے آزادی دلائی،قائداعظم نے کہا انگریز کی غلامی سے نکل کر ہندوﺅں کی غلامی نہیں چاہتے،انہوں نے کہا کہ ہم ایک آزاد ملک چاہتے ہیں،انہوں نے کہاکہ مسلمان ہمیشہ آزادی کی جدوجہد کرتا ہے۔
چیئرمین تحریک انصاف نے کہاکہ ہم اللہ سے وعدہ کرتے ہیں کہ ہم اللہ کے سوا کسی کے آگے نہیں جھکیں گے،ایک غلام قوم کبھی اوپر نہیں آ سکتی،غلام صرف اچھے غلام بنتے ہیں،غلامی انسان کی عزت نفس ختم کر دیتی ہے،میری والدہ نے بتایا کہ ہجرت کرکے آنیوالے کس حال میں پاکستان پہنچے۔
عمران خان کاکہناتھا کہ 50 سال پہلے انگلینڈ کرکٹ کھیلنے گیاتھا،جیتے ہوئے میچ ہار جاتے تھے، احساس کمتری کے باعث ہارتے تھے،ہم نے جمخانہ میں دیکھا کہ کس طرح صرف انگلش میں بات کی جاتی تھی، ہم نے لاکھوں قربانیاں دے کر آزاد ملک حاصل کیا،جمخانہ میں صرف ویٹرز کے ساتھ اردو بولی جاتی تھی۔
انہوں نے کہاکہ قائداعظم نے ہمیں پہلی غلامی سے نجات دلائی،آج ہم اسی غلام سے نجات کی خوشی منائیں گے،دوسری قسم کی غلامی ذہنی غلامی ہے،حضوراکرم نے اس غلامی سے نجات دلائی،آج کل آپ پر خوف طاری کیا جارہا ہے،سب سے بڑا خوف موت کا خوف ہے،ان کا کہناتھا کہ میرے مخالف26 سال سے میری کردار کشی کر رہے ہیں ،عزت پیسے سے نہیں خریدی جا سکتی،موت سے ڈرنے والے کسی شخص نے آج تک کوئی بڑا کام نہیں کیا،سیاست میں آنے کے بعد پڑھے لکھے لوگوں کو کہتا تھا سیاست میں آﺅ۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہاکہ غلام ذہنیت قوم کی پرواز کبھی اوپر نہیں ہوتی،میں کسی ملک کا دشمن نہیں، امریکا سے دوستی چاہتا ہوں ، غلامی نہیں چاہتا،میں امریکا اور برطانیہ کو زیادہ تر پاکستانیوں سے بہتر جانتا ہوں،ان کی نفسیات ہے اگر ان کے پاﺅں میں گرتے ہیں تو آپ کو استعمال کریں گے،کبھی کسی کے سامنے نہیں جھکا، آپ کو بھی کسی کے سامنے نہیں جھکنے دوں گا،میں نے سپورٹس میں بہت پیساکمایا، کیاضرورت تھی سیاست میں آکر گندے لوگوں سے متھا لگاتا۔
انہوں نے کہاکہ وزیر دفاع کہہ رہا ہے امریکا نے ہمیں وینٹی لیٹر پر رکھا ہے،ہمیں اس نوبت پر کون لایا، کس نے وینٹی لیٹر پر ہمیں ڈالا،قوم کو مقروض کرنے کا ذمہ دار کون ہے،30 سال تک دو خاندان اس ملک پر حکومت کر رہے تھے،اب یہ کہتے ہیں کہ امریکا کی غلامی نہ کی تو ہم مر جائیں گے،ہمارے اوپر امریکا نے 400 ڈرون حملے کئے، کیا برطانیہ پاکستان کو الطاف حسین پر ڈرون حملے کی اجازت دے گا،برطانیہ کبھی ایسا نہیں کرے گا، کہا جائے گا عدالت میں ثابت کرو دہشتگرد ہے،پیسے کی پوجا کرنےوالوں نے ظلم ہونے دیا، ٹشو پیپر کی طرح ہمیں استعمال کیا،میں اینٹی امریکن نہیں، لیکن اپنے لوگوں کے مفادات کمپرومائز کرنے کیلئے تیار نہیں،
عمران خان کا کہناتھا کہ یہ ہوتے کون ہیں پوچھنے والے کہ روس کیوں گیا، کیا میں ان کا غلام ہوں،میں اپنے لوگوں کے فائدے کیلئے روس گیا تھا،میں چاہتا تھا روس سے سستے داموں 20 لاکھ ٹن گندم خریدیں،ان کاکہناتھا کہ امپورٹڈ حکومت جب آئی تو روسیوں سے سستا تیل خریدنے کی بات کر چکے تھے، ان میں اتنی جرا¿ت نہیں تھی کہ کہتے یہ ہمارے عوام کی ضرورت ہے ،میں اپنی قوم کو اکٹھا کروں گا، ملکر قوم کے قرضے اتاریں گے،ہمارے حکمران امریکا کے پیروں میں لیٹے ہوئے ہیں،امپورٹڈ حکومت کو فارغ کرنے کیلئے ملکر جدوجہد کریں گے،جدوجہد اس وقت تک جاری رہے گی جب تک اس حکومت کو گھر نہیں بھیجتے اور الیکشن نہیں ہوتے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہاکہ شہباز گل پر تشدد کیا گیا، ڈرائیور کی بیوی کو گھر سے اٹھا لیا،جومرضی کرلواب قوم کو نہیں روک سکتے، لوگوں کو خوفزدہ کیا جا رہا ہے،پہلے حکومت گرائی پھر پرامن احتجاج میں شریک لوگوں پر تشدد کیا،
عمران خان نے کہاکہ میں نے اپنی زندگی میں آج سب سے بہترین یوم آزادی منایا ہے،میرا دل کہہ رہا ہے اگلی 14 اگست تک ہم حقیقی آزادی لے چکے ہوں گے،میں اب آپ کو قوم کے خلاف ہونے والی سازش بتاﺅں گا،یہ بھی بتاﺅں گا کہ اس سازش کو کیسے پاش پاش کرنا ہے۔
چیئرمین تحریک انصاف نے کہاکہ سازش کرنےوالے کان کھول کر سن لیں عمران خان کوئی ڈیل نہیں کرے گا،ہماری حکومت گرانے والے اب ایک اور سازش کر رہے ہیں،بددیانت الیکشن کمشنر سکندر سلطان نے ان کی پوری مدد کی،کبھی ضمنی انتخابات میں عوام ایسے نہیں نکلی، بری طرح ان کو شکست دی،انہوں نے میرے خلاف کیسز بنانے کا پلان بنایا ہے،مجھے ڈس کوالیفائی کرکے بھگوڑے نوازشریف کو واپس بلانے کی سازش ہے،یہ ڈاکو 30 سال سے چوری کررہاہے، میرا اس کے ساتھ مقابلہ نہ کرو،نوازشریف فکر نہ کرو میں تمہارا استقبال کروں گا،ستمبر کے آخر میں نوازشریف کو لانے کی کوشش ہے۔
انہوں نے کہاکہ عدلیہ کو تقسیم کرنے کی سازش بھی چل رہی ہے،یہ عدلیہ سے اپنی پسند کے فیصلے کرانا چاہتے ہیں۔