عید کے بعد حکومت کیخلاف بھرپور تحریک چلے گی، رانا ثنااللہ 

Apr 14, 2021 | 21:00:PM
عید کے بعد حکومت کیخلاف بھرپور تحریک چلے گی، رانا ثنااللہ 
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کی رہائی سے(ن)لیگ ، نواز شریف کا بیانیہ سرخرو ہوا ،ظلم جب بڑھتا ہے تو مٹ جاتا ہے ،تاخیر سے انصاف ملا پھر بھی ہم اللہ کاشکر ادا کرتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ نیب وزیراعظم اور شہزاد اکبر نیب کو کنٹرول کر رہے ہیں، شہباز شریف پر ایک روپے کی کرپشن بھی ثابت نہیں ہوسکی، اگر عدلیہ موجود نہ ہو تو معاشرہ افراتفری کا شکار ہو جائے۔ 
 رانا ثنا اللہ نے کہا کہ شہباز شریف نے 3 ہزار ایک سو پچاس ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے مکمل کئے لیکن نیب پنجاب کے ایک بھی منصوبے میں شہباز شریف پر کرپشن کا الزام ثابت نہیں کرسکا، 3 سال سے روا رکھے جانیوالا ظلم اب مٹے گا۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ آٹا، چینی چوروں نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی، نااہل ٹولے سے چھٹکارا پانا ناگزیر ہوچکا، حکومت نے قوم کا اخلاق اور سیاسی روایات بھی چوری کیں، اس ٹولے کو ہر قیمت پر ملک سے دور ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ شہبازشریف نے نیک نیتی سے پنجاب کی خدمت کی، انہوں نے عمر کے اس حصے میں اور کینسر کے مریض ہوتے ہوئے 7 سال قید میں گزارے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرہ اس انصاف کی وجہ سے قائم ہے جو مل رہا ہے، تاخیر سے انصاف ملا پھر بھی ہم شکر ادا کرتے ہیں، اگر عدلیہ موجود نہ ہو تو معاشرہ افراتفری کا شکار ہو جائے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان اور شہزاد اکبر سیاسی انتقام میں اندھے ہو چکے ہیں اور اس انتقام میں انہیں کچھ نظر نہیں آرہا ۔ مسلم لیگ (ن)دوبارہ اس ملک اور صوبے کی عوام کی خدمت کرے گی،موجودہ حکومت سلیکٹڈلوگوں کا ٹولہ ہے ،انہوں نے سیاست میں اوئے توئے کا کلچر پروان چڑھایااب ان کو جانا ہوگا ،عوام جس کو منتخب کریں گے وہی حکومت کر ے گا ۔
رانا ثنا کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم کوئی انتخابی اتحاد نہیں،حکومت کے خلاف جدوجہد کر رہے ہیں،ہم توقع کرتے ہیں کہ پیپلز پارٹی اور اے این پی حکومت کے خلاف جدوجہد جاری رکھے گی،عید الفطر کے بعد حکومت کے خلاف بھرپور تحریک چلے گی۔انہوں نے کہا کہ جب ہم کہتے تھے کہ ہمارے ساتھ ظلم ہورہا ہے اس وقت کوئی نہیں مان تھاآج تو جہانگیر ترین بھی خود کہہ رہا ہے کہ میرے ساتھ ظلم ہورہا ہے ،جہانگیر ترین کے ساتھ بھی ظلم ہورہا ہے ،جہانگیر ترین کے خلاف کاروائی وہ کر رہا ہے جس نے اس کو بنانے کے لیے ہر غلط کام کیا۔

یہ بھی پڑھیں :افغان طالبان کا نیٹو انخلا تک کسی بھی کانفرنس میں شرکت سے انکار