لانگ مارچ میں رکاوٹیں ڈالنے والوں کیخلاف کارروائی ہوگی:عمر سرفراز چیمہ

Oct 13, 2022 | 19:59:PM
 لانگ مارچ, رکاوٹیں , کارروائی,عمر سرفراز چیمہ, مشیر داخلہ, پنجاب
کیپشن: عمر سرفراز چیمہ(فائل فوٹو)
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)عمر سرفراز چیمہ نے مشیر داخلہ پنجاب بنتے ہی لانگ مارچ میں رکاوٹیں ڈالنے والوں کیخلاف کارروائی کا اعلان کردیا ،ہمارا کام عوام کی جان و مال کی حفاظت کرنا ہے، پر امن احتجاج کرنے والوں کے راستوں میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالیں گے۔

تفصیلات کے مطابق عمر سرفراز چیمہ نے کہاہے کہ لانگ مارچ میں رکاوٹ ڈالنے والوں کیخلاف آئین اور قانون کے تحت کارروائی کریں گے،جو عہدہ مجھے ملا ہے یہ بہت مشکل ٹاسک ہے، وفاقی حکومت گرما گرمی کا ماحول بنا رہی ہے، گزشتہ دو ماہ میں پنجاب حکومت نے بڑی ذمہ داری کا ثبوت دیا ہے، ہم کوئی بڑھکیں مار رہے ہیں نہ ہی کوئی انتقامی کارروائی کر رہے ہیں، تحریک انصاف نے ایک پُر امن احتجاج کی کال دی ہوئی ہے ۔

اسلام آباد پاکستان کا حصہ ہے اور ملکی عوام اپنے حقوق کیلئے آواز اٹھاتے ہیں تو یہ ان کا آئینی اور قانونی حق ہے، آئینی حق میں رکاوٹ ڈالنا اور تشدد کرنا کسی صورت بھی قبول نہیں ہے، جو ریاستی مشینری قانون کو ہاتھ میں لیکر کارروائی کریں گے تو ان کے خلاف بطور صوبائی حکومت ہم اپنا کردار ادا کریں گے جیسا ہم نے 25 مئی میں ملوث اہلکاروں کیخلاف کارروائی کی ہے۔

  مشیر داخلہ پنجاب عمر سرفراز چیمہ  نے اپنے بیان میں کہا کہ پنجاب میں داخلے پر وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کو گرفتار کیا جائےگا، اینٹی کرپشن پنجاب رانا ثنااللہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ لے چکا ہے، رانا ثنااللہ کے وارنٹ گرفتاری 19 اکتوبر تک مؤثر ہیں۔

مشیرداخلہ پنجاب نے آئی جی کو ہدایت کی ہےکہ گرفتاری میں پنجاب پولیس اینٹی کرپشن کی معاونت کرے اور قانون کے مطابق رانا ثنااللہ کی گرفتاری کو یقینی بنایا جائے۔

 خیال رہے کہ  چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے پنجاب کی وزارت داخلہ کیلئے سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کے نام کی منظوری دی تھی۔

 صوبائی وزیر  داخلہ ہاشم ڈوگر کے مستعفی ہونے کے بعد  پنجاب میں وزارت داخلہ کا منصب خالی تھا۔