صدر مملکت فوج کے سپریم کمانڈر ،9 مئی کے واقعہ پر کتنی چٹھیاں لکھیں؟مرتضیٰ سولنگی

Nov 13, 2023 | 22:56:PM
صدر مملکت فوج کے سپریم کمانڈر ،9 مئی کے واقعہ پر کتنی چٹھیاں لکھیں؟مرتضیٰ سولنگی
کیپشن: مرتضیٰ سولنگی، فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)نگراں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے کہاکہ صدر مملکت 25 کروڑ عوام کے صدر ہیں، آئین میں لکھا ہے کہ صدر مملکت فوج کے سپریم کمانڈر ہیں، صدر صاحب نے 9 مئی کے واقعہ پر کتنی چٹھیاں لکھیں؟صدر مملکت اپنے عہدے کی بے توقیری نہ کریں، صدر مملکت پی ٹی آئی کا نمائندہ بننے کی بجائے وفاق کی علامت بنیں۔
نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے مرتضیٰ سولنگی نے کہاکہ میرے ٹویٹ پر کافی لوگوں کی رائے منقسم ہے، میرا ٹویٹ میرا ذاتی نہیں بلکہ حکومت کا موقف تھا،صدر مملکت وفاق کی علامت ہیں، ہماری مسلح افواج کے سپریم کمانڈر ہیں،صدر مملکت کا کردار کسی سیاسی جماعت کے نمائندے کے طور پر نہیں بلکہ وہ پوری قوم کے صدر ہیں،صدر مملکت کو اپنا کردار مستقل مزاجی سے ادا کرنا چاہئے تھا۔
نگران وفاقی وزیر نے کہاکہ جب عمران خان کی حکومت تھی تو ملک کے اندر سیاسی مخالفین کے ساتھ جو کچھ ہوا وہ سب کے سامنے ہے،صدر صاحب نے اپنے خطوط اور انٹرویوز میں ایک جماعت کے کارکن کے طور پر وفاداری نبھانے کا تاثر دیا،وزیر اطلاعات و نشریات نے کہاکہ فواد حسن فواد تقریباً 35 سال تک سول سروس سے وابستہ رہے، انہوں نے بہت سے سیاستدانوں کے ساتھ کام کیا ہے،کسی کے ساتھ کام کرنے سے آپ اس جماعت کے نہیں ہو جاتے، میں خود پیپلز پارٹی کے دور میں ریڈیو پاکستان کا ڈائریکٹر جنرل رہا، اس کا ہر گز مطلب نہیں کہ میں پیپلز پارٹی کا نمائندہ ہوں،اگر فواد حسن فواد مسلم لیگ (ن) کے نمائندہ ہوتے تو وہ پچھلی حکومت میں وزیر ہوتے، وہ دو تین ماہ کیلئے وزیر کیوں بنتے؟
مرتضیٰ سولنگی نے کہاکہ نگران حکومت میں فیصلے وزیراعظم کرتے ہیں، صدر صاحب نے جب پی ٹی آئی کی حکومت تھی تو جانبداری کا مظاہرہ کیا،جب تحریک عدم اعتماد پیش کی گئی ہو تو اس وقت اسمبلی تحلیل نہیں کی جا سکتی، صدر صاحب نے اسمبلی تحلیل کر کے غیر آئینی کام کیا، سپریم کورٹ نے اس اقدام کو غلط قرار دیا اور کہا کہ یہ آئینی دھوکے بازی تھی،انہوں نے کہاکہ ملک میں انتخابات 8 فروری 2024کو ہوں گے، الیکشن کمیشن سے مسلسل رابطے میں ہیں، ان کی تمام ضروریات پوری کی جائیں گی،ہم اپنی کمٹمنٹ پوری کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: یااللہ خیر!پاکستان کے بڑے شہر میں زلزلے کے جھٹکے