ملک کے بڑے شہروں میں دھرنے۔۔پنجاب میں پیراملٹری فورسز طلب

Apr 13, 2021 | 09:18:AM
ملک کے بڑے شہروں میں دھرنے۔۔پنجاب میں پیراملٹری فورسز طلب
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)مذہبی تنظیم کی جانب سے ملک کے بڑے شہروں میں دھرنے کے بعد  پیدا ہونے والی صورتحال کو کنٹرول کرنے کیلئے پنجاب میں پیراملٹری فورسز کو طلب کر لیا گیاہے ۔ لاہور شہر کی مختلف سڑکوں پر پولیس، ایلیٹ فورس اور رینجرز کی گاڑیوں نے گشت کرنا شروع کردیا۔

ملک کے مختلف شہروں کے درجنوں مقامات پر مذہبی تنظیم کے کارکنوں کی جانب سے دھرنا  دیا گیا ہے جس کے بعد ٹریفک کی روانی معطل ہوکر رہ گئی ہے۔محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق احتجاج اور دھرنے ختم کروانے کے لئے مذاکرات جاری ہیں۔ واضح رہے کہ ایک مذہبی تنظیم کراچی، لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد، ملتان سمیت مختلف شہروں میں احتجاج کررہی ہے، جس کی وجہ سے بدترین ٹریفک جام، مسافر اذیت کا شکار اور کئی مقامات پر ایمبولینسیں پھنس گئیں۔

مظاہرے کی وجہ سے کراچی میں ایم اے جناح روڈ، آئی آئی چندریگر روڈ سمیت کئی مقامات پر ٹریفک جام ہے۔لاہور میں رات گئے ٹھوکر نیاز بیگ، چوہنگ، یتیم خانہ چوک، اسکیم موڑ، شنگھائی پُل، سگیاں پُل، شاہدرہ، کینال روڈ اور اطراف کی سڑکوں پر بھی ٹریفک کا شدید دباؤ رہا۔اس وقت لاہور کے 16 سے زائد مقامات ٹریفک کیلئے بند ہیں۔