پاکستانی اس سال فریضہ حج ادا کر سکیں گے یا نہیں؟۔۔۔سعودی حکومت نے حج پالیسی کا اعلان کردیا

Jun 12, 2021 | 16:10:PM
پاکستانی اس سال فریضہ حج ادا کر سکیں گے یا نہیں؟۔۔۔سعودی حکومت نے حج پالیسی کا اعلان کردیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (24 نیوز)سعودی وزارت حج وعمرہ نے امسال فریضہ حج کی ادائیگی اندرون ملک کے عازمین تک محدود کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
 تفصیلات کے مطابق سعودی وزارت حج وعمرہ کی جانب سے حج 2021کے حوا لے سے اہم فیصلے کئے گئے ہیں جن کے تحت رواں برس سعودی عرب میں مقیم غیرملکی افراداورسعودی شہری فریضہ حج اداکرسکیں گے۔ 18 سال سے کم اور60 سال سے زائدعمرکے افرادکواجازت نہیں دی جائے گی۔
 حج پالیسی کے مطابق کورونا پابندیوں کی وجہ سے صرف 60 ہزار افراد کو حج ادا کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، تمام عازمین حج کو عالمی وبا سے حفاظت کے لئے ویکسین لازمی کرانا ہوگی۔
 وزیرا عظم کے معاون خصوصی علامہ طاہر اشرفی نے سعودی وزارت حج و عمرہ کے فیصلوں پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا وبا کے پیش نظر سعودی حکومت کے فیصلے کی تائید کرتے ہیں،60ہزار عازمین کا حج کرنا اللہ کی طرف سے رحمت ہوگئی۔
 یاد رہے کہ گذشتہ روز سعودی وزیر حج و عمرہ کا وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا تھا، جس میں حج 2021 کے آپریشن اور تیاریوں سے متعلق امور پر گفتگو ہوئی۔ رابطے کے بعد وفاقی وزیر نے ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے واضح کیا تھا کہ عازمین کی تعداد اور ایس او پیز ابھی طے ہونا باقی ہیں، سعودی حکومت حتمی فیصلے سے قبل پاکستان کو اعتماد میں لے گی سعودی حکومت کی جانب سے حتمی اعلان کے بعد حج پالیسی کا اعلان کیا جائے گا۔
سعودی سفارتخانہ نے کہا تھا کہ کتنے عازمین شریک ہوں گے،حج پالیسی کیا ہوگی، فیصلہ ہونا ہے، حج سے متعلق کوئی سرکاری فیصلہ نہیں ہوا صرف مختلف تجاویز پر غور جاری ہے۔ تاہم اب فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:نوازشریف، مریم، صفدر کی سزاوں کیخلاف اپیلوں پر سماعت کا حکم نامہ جاری