عوام حکومت کی نالائقی کا خمیازہ بھگت رہے ہیں۔۔شاہد خاقان عباسی

Jul 12, 2021 | 20:06:PM
 عوام حکومت کی نالائقی کا خمیازہ بھگت رہے ہیں۔۔شاہد خاقان عباسی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (24نیوز)سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ (ن)کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام حکومت کی نالائقی کا خمیازہ بھگت رہے ہیں۔ پاکستان میں ہر لمحہ الیکشن کا لمحہ ہے، جتنی جلدی الیکشن ہوں ملک کیلئے اتنا ہی بہتر ہے۔ نیب اور مقدمات سے گھبرانے والا نہیں ہوں ۔
پیر کو پی ایس او میں غیر قانونی تقرر کیس میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نیب اور نہ ہی کیسز سے گھبراتے ہیں۔ یہ سب مخالفین کو دبانے کے کیسز ہیں۔ نیب نے کیسز کے ذریعے پاکستان کو مفلوج کرکے رکھ دیا۔انہوں نے کہا کہ میری ضمانت کے حکم پر تفصیلی فیصلہ آگیا ہے۔ ہائیکورٹ کے الفاظ میں واضح ہے کہ یہ تمام کیس جھوٹے ہیں۔ آج حکومت کے لوگ صفائیاں پیش کررہے ہیں۔ ایک ہفتے میں تین ججمنٹ آئی ہیں اسے پڑھ لیں۔انہوں نے کہا کہ نیب کا یہی رویہ رہا تو کوئی بھی یہاں کام نہیں کرے گا۔ نواز شریف کے خلاف ایک بھی کرپشن کا کیس نہیں بن سکا۔ نیب کے چیئرمین بتا دیں کہ وہ کس کے غلام ہیں؟۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ تین سال سے کرپشن کا ڈھنڈورا پیٹ رہے ہیں، لیکن حقیقت میں سب جھوٹ ہے۔ آج کرپشن تو خود حکومت میں ہے۔ آج ملک کے اندر بجلی کی کمی کیوں ہے؟ مہنگی ترین ایل این جی خرید کر بجلی بنارہے ہیں، ذمہ دار کون ہے؟ چینی، گندم، پٹرول بحران کے کیسز کون دیکھ رہا ہے؟ وزرا کے جرائم پر پردہ ڈالنے کیلئے کمیشن بنائے جاتے ہیں۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کی عوام آپ کی نا اہلی کی وجہ سے بھگت رہے ہیں۔ ای سی سی کے فیصلوں کے مطابق حکومت کے خلاف 20 کیسز بنتے ہیں۔ وزیراعظم تو دعویٰ کرتے تھے وہ سب کے خلاف کارروائی کرتے ہیں۔ وزیراعظم خود کہہ رہے ہیں وہ مقدمات بنا رہے ہیں۔ آپ حکومت میں آنے کے قابل نہیں تھے۔انہوں نے کہا کہ غیر منتخب افراد کی قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں شرکت غیر مناسب تھی۔ اجلاس میں بریفنگ کا مقصد ارکان پارلیمنٹ کو حقائق سے آگاہ کرنا ہوتا ہے۔
لیگی رہنما نے کہا کہ کشمیر کا الیکشن بھی 25 جولائی کو ہے۔ اگر ہم آزاد کشمیر کا الیکشن بھی شفاف نہ کرواپائے تو پھر سب بیکار ہے۔ یہ بھی ایک سوال ہے کہ اس ملک میں الیکشن کون کرواتا ہے۔، لیکن شفاف انتخابات ہونے چاہئیں۔ 
یہ بھی پڑھیں۔ 60 سالہ ہمسائے کا 7 سالہ معصوم بچی سے گھناؤنا کھیل، ملزم گرفتار