محسن نقوی کا انسانیت دوست اقدام، سرکاری ملازمین کی سنی گئی

Dec 12, 2023 | 16:08:PM
محسن نقوی کا انسانیت دوست اقدام، سرکاری ملازمین کی سنی گئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز ) وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا اور انسانیت دوست اقدام ، سرکاری ملازمین کے دل جیت لیے ۔ 
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے امدادی پیکج   میں تبدیلی کے بعد لاہور جنرل ہسپتال میں دوران ڈیوٹی وفات پانیوالے ملازم کے اہلخانہ کو اب 25 لاکھ کی بجائے ڈیڑھ کروڑ روپے کا امدادی پیکج ملے گا، پرنسپل پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ (پی جی ایم آئی  )کا کہناہے کہ  وزیر اعلیٰ محسن نقوی کی طرف سے امدادی پیکج کو بڑھانے سے اہل خانہ کی زندگی آسان ہو جائیگی،گریڈ 16کے محمد رمضان مرحوم کی ریٹائرمنٹ کی عمرتک خاندان کو تنخواہ و دیگر مراعات ملیں گی، پروفیسرالفرید ظفر  نے ایپکا عہدیداروں سے ملاقات میں  کہا کہ ہمیں فرائض منصبی محنت و لگن سے ادا کرنے چاہئیں۔
پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی نئی پالیسی کے تحت لاہور جنرل ہسپتال میں دوران ملازمت انتقال کرنے والے گریڈ 16کے ملازم محمد رمضان کے اہل خانہ کو 15ملین روپے کی مالی پیکج ملے گا جبکہ مرحوم کی ریٹائرمنٹ کی عمر 60سال تک اُن کا خاندان تنخواہ و دیگر مراعات کے بھی حقدار ہوں گے۔پروفیسر الفرید ظفر نے حکومت پنجاب کی جانب سے دوران ملازمت انتقال پر ملازمین کے لئے امدادی پیکج میں کئی گنا اضافے کو وزیراعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی کا انسانیت دوست اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ نئی پالیسی سے امدادی پیکج سے دوران ملازمت انتقال پر ملازمین کے اہل خانہ حالات کی ستم ظریفی کا شکار ہونے کی بجائے ایک بہتر زندگی گزار سکیں گے۔
    اس امر کا اظہار پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر نے ایپکا یونٹ جنرل ہسپتال کے صدر عابد حسین، چیئرمین عمران خان و دیگر عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،پروفیسر الفرید ظفر نے محمد رمضان کی وفات پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ محمد رمضان کی فیملی اپنے سربراہ کے سایہ سے محروم ہوئی ہے تاہم اُن کی سرپرستی کے لئے حکومت وقت اُن کے سر پر ہاتھ رکھنے کے لئے موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی نے امدادی پیکج میں کئی گنا اضافہ کیا اور محمد رمضان مرحوم کے اہل خانہ کو 25لاکھ روپے کی بجائے ڈیڑھ کروڑ روپے کی امدادی رقم ملے گی جو اُن کو معاشرے میں بہتر زندگی بسر کرنے میں معاون ہوگی۔ 
    پرنسپل پی جی ایم آئی نے مرحوم کے واجبات کی بر وقت ادائیگی اور قواعد و ضوابط کے مطابق تمام معاملات نمٹانے کے لئے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کی سربراہی میں کمیٹی قائم کی جبکہ ممبران میں ڈائریکٹر فنانس اور امجد علی سپرنٹنڈنٹ شامل ہیں جو مرحوم کے ورثا سے مکمل رابطے میں رہ کر تمام قانونی امور کو فوری طور مکمل کرے گی۔ پروفیسر الفرید ظفر نے ایپکا یونٹ کے عہدیداروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں دوران ملازمت اپنے فرائض منصبی محنت، لگن اور ایمانداری کے ساتھ ادا کرنے چاہیے، حکومت وفات کے بعد بھی سرکاری ملازمین کے اہل خانہ کو تنہا نہیں چھوڑتی لہذا ہمیں حکومت اور عوام کی توقعات پر پورا اتر نے کے لئے دکھی انسانیت کی خدمت کرنے کی بھرپور کوشش کرنی چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں :سکیورٹی فورسز کا مختلف علاقوں میں آپریشن، 23 فوجی جوان شہید،27 دہشتگرد ہلاک