سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ خاتون صحافی سے زیادتی میں ملوث قرار، سزا سنا دی گئی

May 10, 2023 | 10:53:AM
سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ خاتون صحافی سے زیادتی میں ملوث قرار، سزا سنا دی گئی
کیپشن: امریکی عدالت نے 90ء کی دہائی میں 52 سالہ خاتون کالم نگار جین کیرول کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کا مجرم قرار دے دیا۔
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) نیویارک کی جیوری نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو خاتون کالم نگار کے ساتھ جنسی بدسلوکی کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے 50 لاکھ ڈالر ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیدیا۔

غیرملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق امریکی عدالت نے 90ء کی دہائی میں 52 سالہ خاتون کالم نگار جین کیرول کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کا مجرم قرار دے دیا۔

نیویارک کی جیوری نے سابق امریکی صدر کو تقریباً 30 سال پرانے کیس میں جین کیرول کو 50 لاکھ ڈالر ہرجانہ ادا کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔

جین کیرول نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے ان کو ایک ڈیپارٹمنٹل اسٹور کے ڈریسنگ روم میں جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔ سابق امریکی صدر نے خاتون کو جھوٹا قرار دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیے: چین نے کینیڈین سفارت کار کو ملک بدر کرنے کا اعلان کر دیا

امریکی قانون کے مطابق یہ ایک سول مقدمہ ہے، اس لیے سابق صدر پر نہ فرد جرم عائد ہوگی اور نہ ہی قید کی سزا تاہم وہ جرمانہ ادا کریں گے۔ اپیل کی صورت میں ڈونلڈ ٹرمپ فی الحال جرمانہ ادا نہیں کریں گے۔

جین کیرل نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’آج دنیا کو حقیقت معلوم ہوگئی ہے، مقدمے کی جیت صرف میرے لیے نہیں بلکہ ہر اس خاتون کیلئے ہے جو اس وجہ سے متاثر ہوئی کہ ان کو نہیں سنا گیا یا ان پر یقین نہیں کیا گیا۔

ڈونلڈ ٹرمپ کے وکیل جوزف ٹیکوپینا نے صحافیوں کو بتایا کہ وہ اس فیصلے کیخلاف اپیل دائر کریں گے۔ سابق امریکی صدر نے اس فیصلے کو ’ہتک آمیز‘ قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ وہ سرے سے اس خاتون کو جانتے ہی نہیں۔