نیو جرسی: امام مسجد پر نماز فجر کے دوران چاقو سے حملہ

Apr 10, 2023 | 15:34:PM
نیو جرسی: امام مسجد پر نماز فجر کے دوران چاقو سے حملہ
کیپشن: مسجد کے ترجمان عبدل حمدان کا کہنا ہے کہ نماز فجر کے وقت 200 سے زیادہ نمازی موجود تھے۔
سورس: سی این این
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) امریکی ریاست نیو جرسی کی ایک مسجد میں نماز فجر کے دوران امام پر نامعلوم شخص نے حملہ کیا ہے۔
بین الاقوامی خبررساں ادارے کے مطابق نیو جرسی کے علاقے پیٹرسن کی مسجدِ عمر میں امامِ مسجد سید النقیب چاقو کے حملے میں زخمی ہوگئے ہیں تاہم ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

مسجد کے ترجمان عبدل حمدان نے کہا ہے کہ حملہ آور نماز ادا کر رہا تھا اور اسی دوران اس نے اچانک امامِ مسجد پر چاقو کے کم از کم دو وار کیے۔

انہوں نے کہا کہ واقعے کے بعد مشتبہ شخص مسجد سے بھاگنے کی کوشش کر رہا تھا تاہم نمازی اس کو پکڑنے میں کامیاب ہوئے اور پولیس کے حوالے کیا۔
مسجد کے ترجمان عبدل حمدان کا کہنا ہے کہ نماز فجر کے وقت 200 سے زیادہ نمازی موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ’فرد واحد کا عمل‘ تھا اور نمازیوں کو یقین دلایا کہ مسجد محفوظ ہے اور وہ آ سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: سفارتی تعلقات کی بحالی، ایران اپنا وفد سعودی عرب بھیجے گا
میئر آنڈرے سیغ نے کہا کہ واقعے کے فوراً بعد انہوں نے ہسپتال میں امامِ مسجد سے ملاقات کی۔
ان کا کہنا تھا کہ امام سینٹ جوزف یونیورسٹی میڈیکل سینٹر میں زیرعلاج ہیں اور ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
میئر کے مطابق مشتبہ حملہ آور کو حراست میں لیا گیا ہے تاہم حملے کا مقصد واضح نہیں کہ اس نے ایسا کیوں کیا۔
میئر آنڈرے سیغ نے نمازیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے حملہ آور پر بروقت قابو پا لیا۔
’یہ مسلمانوں کیلئے مقدس مہینہ ہے اور ہم یہ یقینی بنانا چاہ رہے ہیں کہ جو نماز پڑھنے کے لیے آتے ہیں ان کی حفاظت کرنا ہماری ترجیح ہے۔ اور ہم نے اس صورتحال کو سنجیدہ لیا ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم یہ کہنا چاہتے ہیں کہ جو بھی نماز پڑھنے کیلئے آئے وہ بغیر کسی خوف کے سکون سے نماز ادا کر سکتے ہیں۔‘