لاہور جلسہ ، ’’ڈی جے بٹ‘‘ گرفتار

Dec 09, 2020 | 15:25:PM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)پی ٹی آئی کے 126روزہ دھرنے میں کارکنوں کے جوش کو گرمانے   والے ’’ڈی جے بٹ‘‘ کو پی ڈی ایم کے لاہور جلسہ میں ساؤنڈ سسٹم فراہم کرنے کی حامی بھرنا مہنگا پڑ  گیا۔لاہور پولیس نے معروف ایونٹ آرگنائزر کو ان کی رہائشگاہ سے گرفتار کرلیا۔

پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ کے مینار پاکستان جلسہ سے قبل لاہور پولیس ایکٹو ہوگئی۔لاہور جلسے میں ساؤنڈ سسٹم فراہم کرنے کی حامی بھرنے والے ڈی جے بٹ کو ان کی لاہور رہائشگاہ ماڈل ٹاؤن سے گرفتار کرلیا گیا۔

ڈی جے بٹ کی گرفتاری پر ردعمل دیتے ہوئے ن لیگ پنجاب کی ترجمان  عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ عمران خان کا مقابلہ ٹینٹ سروس والوں اور ڈی جے بٹ سے ہے۔حکومت کے شر سے وہ لوگ بھی محفوظ نہیں جن کے ان پر احسانات ہیں۔

عظمیٰ بخاری کا  مزید کہنا تھا کہ ہمارے پاس ڈی جے بٹ کے علاوہ اور بھی بہت سے وینڈر ہیں، جلسہ کسی صورت نہیں رکے گا۔واضح رہے کہ حکومت مخالف اتحاد  نے 13 دسمبر کو لاہور کے مینار پاکستان پر جلسہ کرنے کا اعلان کررکھا ہے۔چند روز قبل وزیراعظم عمران خان نے نجی ٹی وی کو انٹرویو میں کہا تھا کہ ہم اپوزیشن کو جلسوں سے نہیں روکیں گے لیکن انہیں کرسی اور دیگر سروسز فراہم کرنے والے منتظمین کے خلاف قانونی کارروائی کریں گے۔